
نئی دہلی ،21اگست (ہ س )۔
شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں کہا کہ اللہ کے حکم کے بغیر کچھ نہیں ہوتا دعا کرنے سے فائدہ تب ہی ہوگا جبکہ ہم خود نیک ہوں۔ انہوں نے کہا 25 اگست 2026 بروز منگل مسجد فتح پوری میں جلسہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم بعد نماز عشاءمنعقد ہوگا ۔
مفتی مکرم احمد نے کہا کہ ایک مخصوص مذہبی فرقہ پر دہشت گردی کا الزام لگانا کوئی نئی بات نہیں ہے جب سیاسی طور پر کامیاب نہیں ہو پاتے تو عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے مسلمانوں پر طرح طرح کے الزام لگانے لگتے ہیں کئی سال سے یہ حربہ استعمال کیا جا رہا ہے مذہب اسلام امن و سلامتی، محبت اور رواداری کا مذہب ہے وہ دہشت گردی کے سخت مخالف ہے ۔ اتر پردیش کے ایودھیا میں ایک شخص نے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتے ہوئے کہا میں مسلمانوں کو دیکھنا بھی نہیں چاہتا میں ان کو دفن کر دوں گا اس نے مزید کہا کہ ملک کے 80 فیصد مسلمان دہشت گرد ہیں۔ ایک مذہبی برادری کو نشانہ بنانا اور دھمکی آمیز بیان بازی کرنا انتہائی تشویش ناک ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسے شر پسند عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
مفتی مکرم احمد نے مظفر نگر فساد کے 22 ملزمین کے خلاف مقدمات واپس لینے کے حکومتی فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور مذمت کی انہوں نے کہا کہ فسادات کے ملزمین کے خلاف مقدمات واپس لینا سراسر نا انصافی ہے۔ 2013 میں مظفر نگر میں فرقہ وارانہ فساد بھڑک گئے تھے اس میں کئی سیاسی لیڈروں پر بھی مقدمات قائم کیے گئے تھے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پرعدالت فیصلہ کرتی فیصلہ جو بھی ہو تا وہ سب کو منظور ہوتا مقدمات واپس لینا مذموم عمل ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais