
ریونت ریڈی کے حامی ایم ایل ایز کا اجلاس متوقعحیدرآباد، 21 اگست (ہ س)۔
تلنگانہ کانگریس میں اندرونی اختلافات کے درمیان وزیراعلی اے ریونت ریڈی کے حامی گروپ کی جانب سے حیدرآباد میں ایک اہم اجلاس منعقد کرنے کی تیاریاں کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اجلاس کا مقصد ریونت ریڈی کی حمایت کا اظہار اور وزیر کنڈا سریکھا کے موقف کی مخالفت کرنا ہے۔ سیاسی ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی کی ہدایت پران کے حامی تقریباً 20 سے 30 ارکان اسمبلی حیدرآباد میں جمع ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔ اس مجوزہ اجلاس کوتلنگانہ کانگریس میں جاری گروہی اختلافات کے پس منظرمیں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس بات پرخاصی بحث جاری ہےکہ اجلاس میں کون سے ارکان اسمبلی شرکت کریں گے اور کون اس سے دور رہیں گے۔ سیاسی مبصرین کی نظریں خاص طور پر ان ارکان اسمبلی پر مرکوز ہیں جو اجلاس میں شرکت کریں گے یا غیر حاضر رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان کو ریونت ریڈی کے حامی گروپ سے وابستہ سمجھا جاسکتا ہے، جبکہ اجلاس سے دوررہنے والوں کوکانگریس کے روایتی یا اصل دھڑے کے قریب قرار دیے جانے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب وزیر کنڈا سریکھا بھی اپنے حامی قائدین سے رابطے میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنے حامیوں کے ساتھ مشاورت کررہی ہیں اوراپنی حمایت میں ایک الگ اجلاس منعقد کرنے کے امکان پربھی غور کیا جا رہا ہے۔ تلنگانہ کانگریس میں بڑھتی ہوئی گروہی کشیدگی کے درمیان دونوں جانب سے اجلاسوں کی ممکنہ تیاریوں نے ریاستی سیاست میں نئی بحث چھیڑدی ہے۔ تاہم، ابھی تک کسی بھی اجلاس کی تاریخ، مقام یا شرکاء کی حتمی فہرست کے بارے میں باضابطہ اعلان نہیں کیا گیاہے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق