
کرلا میں ہائیڈرولک کرین گرنے سے 10 افراد زخمی، 3 ماہ کا بچہ بھی متاثر
ممبئی، 21 اگست (ہ س)۔ ممبئی کے کرلا علاقے میں جمعہ کی صبح سویرے ایک ہائیڈرولک کرین گرنے سے 10 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 3 ماہ کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔ حادثے میں ریلوے کی ہائی ٹینشن بجلی کی تاریں، قریب واقع جھگیاں، مہاڈا کی کمپاؤنڈ وال اور وہاں کھڑی 3 سے 4 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ کرلا پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح تقریباً 2.40 بجے قریشی نگر میں بھنڈاری میٹلرجی کی بلڈنگ نمبر 1 کے قریب 17 منزلہ عمارت کو منہدم کرنے کی تیاری کے لیے ہائیڈرولک کرین لائی گئی تھی۔ کرین کو موقع پر نصب کیا جارہا تھا، اسی دوران وہ اپنا توازن کھو بیٹھی اور قریب کی عمارت کی سمت گر گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائی شروع کی۔
حادثے میں زخمی ہونے والے جگراللہ نبی محمد خان 63، احمد نیاز احمد 3 ماہ، عتیق الرحمن 60، حکوم شیخ 36، نعمان خان 21، رحمان خان 19، سورج گور 10 اور اکبر 40 کو علاج کے لیے سائن اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ راجو گور 35 اور آرتی گور 30 کا علاج کرلا بھابھا اسپتال میں جاری ہے۔ حادثے کے بعد کرین کو ہٹانے کے لیے ایم ایم آر ڈی اے کی جانب سے مشینری اور عملہ موقع پر بھیجا گیا۔ ایک افسر کے مطابق کرین کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جاسکے۔
وسطی ریلوے کے ترجمان کے مطابق کرین کا ایک حصہ کرلا ٹرومبے سنگل لائن سیکشن پر نصب ہائی ٹینشن بجلی کی تاروں پر جاگرا۔ تاہم اس واقعے سے مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی، کیونکہ اس ریلوے سیکشن کا بنیادی طور پر مال گاڑیوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ بجلی کی تاروں کی مرمت کا کام جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے