
پٹنہ،21اگست(ہ س)۔بہار میں ان دنوں دو طرح کے موسم دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ بعض مقامات پر گرمی سے لوگ پریشان ہیں تو بعض مقامات پر وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ چنانچہ محکمہ موسمیات نے آج 19 اضلاع میں الرٹ جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آسمانی بجلی گرنے کے امکان کے پیش نظر لوگوں کو بھی چوکس رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے جن 19 اضلاع کے لیے الرٹ جاری کیا ہے ان میں مشرقی چمپارن، مغربی چمپارن، شیوہر، سیتامڑھی، مدھوبنی، سپول، ارریہ، کشن گنج، گوپال گنج، سیوان، سارن، مظفر پور، ویشالی، دربھنگہ، سمستی پور، سہرسہ، مددھے پور ہ ،پورنیہ اور کٹیہار شامل ہیں۔ اس طرح سے آج موسم خاص طور پر شمالی اور وسطی بہار میں خراب رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ تین سے چار روز میں بارش کی سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے۔ 22 اگست کو شمالی بہار، شمال مغربی بہار اور جنوبی بہار کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ اس دن ارریہ، کشن گنج، مشرقی چمپارن اور مغربی چمپارن میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔جس کے بعد 23 اگست کو چند اضلاع کو چھوڑ کر تمام اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ کچھ اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے جب کہ دیگر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 24 اور 25 اگست کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں بارش کی سرگرمیاں تیز ہونے سے شدید گرمی سے خاصی راحت ملے گی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی بات کریں تو کئی اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ کچھ اضلاع میں بادل چھائے رہے۔ پٹنہ میں دن بھر دھوپ رہا۔ حالانکہ شدید گرمی لوگوں کو پریشان کرتی رہی۔ راجدھانی پٹنہ میں درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan