اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے اے ایم یو کی رائیڈنگ فیلڈ کی زمین پر میونسپل کارپوریشن کی کارروائی کی مذمت کی
علی گڑھ, 21 اگست (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے اے ایم یو کے رائیڈنگ فیلڈ کی زمین کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مبینہ تجاوزات کے خلاف کارروائی اور غیر مجاز داخلے کی کارروائی پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اسے
اےا یم یو اولڈ بوائز


علی گڑھ, 21 اگست (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے اے ایم یو کے رائیڈنگ فیلڈ کی زمین کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مبینہ تجاوزات کے خلاف کارروائی اور غیر مجاز داخلے کی کارروائی پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اسے قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ علی گڑھ اور اے ایم یو کے وائس چانسلر کے نام الگ الگ خطوط ارسال کیے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے صدر سید مختار زیدی اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اعظم میر خان نے اپنے خطوط میں کہا ہے کہ اے ایم یو کی جانب سے جاری کردہ وضاحت سے واضح ہوتا ہے کہ یونیورسٹی کے پاس مذکورہ زمین پر اپنے دعوے کے حق میں متعلقہ دستاویزات، ریونیو ریکارڈ اور قانونی شواہد موجود ہیں۔ یونیورسٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ زمین سے متعلق معاملہ پہلے ہی متعلقہ مجاز اتھارٹی کے سامنے زیرِ غور ہے۔

ایسوسی ایشن نے جنوری 2022 میں ہونے والی مشترکہ پیمائش رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ رپورٹ میں بھی اس زمین کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی رائیڈنگ فیلڈ کی زمین کے طور پر درج کیا گیا تھا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ایسی صورتحال میں، جب معاملہ پہلے ہی مجاز اتھارٹی کے سامنے زیرِ غور ہو، کسی ایک فریق کی جانب سے یکطرفہ کارروائی کرنا یا زمین کو تجاوزات سے پاک کرانے کا دعویٰ کرنا کئی اہم سوالات پیدا کرتا ہے۔

اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ زمین کے تنازع کا فیصلہ مکمل طور پر قانون اور مقررہ قانونی طریقۂ کار کے مطابق کیا جائے اور مجاز اتھارٹی یا عدالت کی جانب سے حتمی فیصلہ آنے تک حالتِ موجودہ برقرار رکھی جائے۔

ایسوسی ایشن نے ضلع مجسٹریٹ اویناش کمار کی جانب سے آج دیے گئے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے معاملے کو متوازن اور ذمہ دارانہ انداز میں دیکھنے کا اشارہ دیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ آئندہ بھی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ زمین کے معاملے کا تصفیہ مکمل طور پر قانون اور مناسب قانونی طریقۂ کار کے مطابق ہو۔

اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے کہا کہ وہ یونیورسٹی کی املاک، دستاویزات، ادارہ جاتی حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے اے ایم یو کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ جب تک معاملہ مجاز اتھارٹی یا عدالت کے سامنے زیرِ غور ہے، اس وقت تک اے ایم یو کی زمین کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی یکطرفہ کارروائی نہیں کی جانی چاہیے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande