
کوئمبٹور، 2 اگست (ہ س): تمل ناڈو کے کوئمبٹور ضلع میں پولاچی کے قریب سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ایک کار کی ٹکر کے بعد ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار کسی کو بھی بچایا نہ جا سکا۔
پولیس کے مطابق کوئمبٹور ضلع کے مدوکرائی ایم ایل اے اسٹریٹ کا رہنے والا کنکراج ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتا تھا۔ اس کے خاندان میں اس کی بیوی اما مہیشوری اور دو بیٹیاں آرتی اور نرمدا شامل تھیں۔ اتوار کے روز، کنکراج اپنے خاندان اور ایک دور کے رشتہ دار، رمن کے ساتھ ادوملپیٹ میں اپنے خاندانی دیوتا کے مندر کا دورہ کرنے کے بعد کار سے گھر واپس آ رہا تھا ۔ کنکراج خود گاڑی چلا رہا تھا۔ دوپہر کے وقت جب کار پولاچی کے قریب نالمپلی علاقے سے گزر رہی تھی تو اچانک بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے شیشے ٹوٹ گئے۔ کنکراج، اس کی بیوی اوما مہیشوری، دونوں بیٹیاں (آرتی اور نرمدا) اور رشتہ دار رمن کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ کافی کوشش کے بعد تباہ شدہ کار کے اندر پھنسی لاشوں کو نکالا گیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے پولاچی سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ٹرک سڑک کے ڈیوائیڈر پر پودوں کو پانی دینے کے لیے سڑک کے کنارے کھڑا کیا گیا تھا۔ اسی دوران کار بے قابو ہو گئی اور ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تاہم پولیس حادثے کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے تمام پہلوؤں سے مکمل تفتیش کر رہی ہے۔
ایک دیگر واقعے میں اتوار کو چنئی کے اینور ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک اور حادثہ پیش آیا۔ کنن نامی شخص ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
اس واقعے کے بعد اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس علاقے میں ریلوے کی پٹریوں کو عبور کرتے ہوئے پیش آنے والے حادثات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ریلوے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد ایک فٹ اوور برج یا کوئی اور محفوظ کراسنگ سہولت تعمیر کرے تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے حادثات کو روکا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد