
بھونیشور، 2 اگست(ہ س)۔ اوڈیشہ میں ’نشہ سے پاک نوجوان – ترقی یافتہ بھارت سنکلپ ابھیان‘ کا شاندار آغاز کیا گیا، جس میں ایک کروڑ سے زائد نوجوانوں نے منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرنے کا عہد کیا۔ اس قومی مہم میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ورچوئل ذریعے سے شرکت کرتے ہوئے نوجوانوں سے خطاب کیا۔
بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں منعقدہ مرکزی تقریب میں ریاست کے گورنر ڈاکٹر ہری بابو کمبھم پٹی، وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، کھیل و امورِ نوجواں کے وزیر سوریہ ونشی سورج سمیت بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر نے شرکائ کو منشیات سے دور رہنے کا حلف بھی دلایا۔
گورنر ڈاکٹر کمبھم پٹی نے کہا کہ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی کا سب سے مضبوط ستون ہیں، اس لیے انہیں منشیات کے خلاف آگے آنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل، جسمانی فٹنس، یوگا، اچھے اخلاق اور سماجی خدمت نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کے بہترین ذرائع ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ صرف حکومت کی کوششوں سے منشیات سے پاک معاشرہ قائم نہیں کیا جا سکتا، بلکہ والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں اور خود نوجوانوں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ یہ صرف ایک روزہ پروگرام نہیں بلکہ آئندہ 100 ہفتوں یعنی تقریباً دو برس تک جاری رہنے والی عوامی تحریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اوڈیشہ کو مکمل طور پر منشیات سے پاک بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زی، کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ان کے مطابق منشیات اب صرف صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ معاشرتی اور اقتصادی ترقی کے لیے بھی ایک سنگین چیلنج بن چکی ہیں، جو نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو متاثر کرنے کے ساتھ خاندانوں کی معاشی حالت کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا کہ جولائی 2024 سے جون 2026 کے درمیان اوڈیشہ پولیس نے تقریباً 1,911 کروڑ روپے مالیت کی 63,720 ایکڑ پر پھیلی غیر قانونی بھنگ کی کاشت تباہ کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسی عرصے کے دوران 2,576 مقدمات درج کیے گئے، 3,699 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 2,106 کروڑ روپے مالیت کی 432 ٹن بھنگ ضبط کی گئی۔
موہن چرن ماجھی نے کہا کہ حکومت صرف قانون نافذ کرنے تک محدود نہیں بلکہ منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں بھی منشیات سے متعلق کوئی سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں میں براؤن شوگر، کوکین اور مصنوعی (سنتھیٹک) منشیات کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے بھونیشور میں سنتھیٹک منشیات کی حالیہ ضبطی اور بالیشور میں منشیات کے مافیا کے خلاف سخت کارروائی کو اس کی مثال قرار دیا۔انہوں نے منشیات فروشوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ نوجوانوں کو نشے کی دلدل میں دھکیلنے سے باز نہ آئے تو ان کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کھیل و امورِ نوجوانان کے وزیر سوریہ ونشی سورج نے کہا کہ ریاست کے اسکول، کالج، مائی بھارت کلبز اور این ایس ایس کے رضاکار اس مہم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس مہم کو پورے اوڈیشہ میں بھرپور عوامی حمایت حاصل ہوئی۔ ریاست کے 453 مراکز پر تقریب کی براہِ راست نشریات دکھائی گئیں، جہاں 1.6 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کر کے منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے آغاز میں محکمہ کھیل کے سیکریٹری بھویندر سنگھ پونیا نے استقبالیہ خطاب کیا، جبکہ آخر میں محکمہ کے ڈائریکٹر نے شرکائ کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan