
جموں،02 اگست (ہ س)۔
جموں و کشمیرمیں نیشنل آیوش مشن کے تحت 50 بستروں پر مشتمل پانچ مربوط آیوش اسپتال قائم کیے جارہے ہیں، جن میں سے کلگام کا اسپتال مکمل طورپرفعال ہو چکا ہے، جبکہ کشتواڑ، کپواڑہ، بلاور(کٹھوعہ) اورسانبہ میں دیگر چاراسپتالوں کی تعمیر جاری ہے۔ یہ جانکاری مرکزی وزیر مملکت برائے آیوش پرتاپ راؤ جادھو نے لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں دی۔ وزیرمملکت نے بتایا کہ کلگام میں قائم 50 بستروں والے مربوط آیوش اسپتال کے لیے 9.25 کروڑ روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی گئی ہے، جہاں آیوروید، یونانی، ہومیوپیتھی، یوگا اور نیچروپیتھی کی سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر اسپتالوں کے لیے کشتواڑ کو 5 کروڑ روپے، کپواڑہ کو 7.29 کروڑ روپے، بلاور کو 7.35 کروڑ روپے اور سانبہ کو 6.67 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
مرکزی حکومت کے مطابق جموں و کشمیر میں 10 بستروں پر مشتمل دو مربوط آیوش اسپتالوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ گڑی گڑھ میں ایک کروڑ روپے کی لاگت سے اسپتال منظور کیا گیا ہے، تاہم اس کی تعمیر ابھی شروع نہیں ہوئی، جبکہ کشمیر میں تقریباً 1.25 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک اور اسپتال زیر تعمیر ہے۔
حکومت نے واضح کیا کہ قومی آیوش مشن کے تحت مربوط آیوش اسپتالوں کے قیام کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ان کے سالانہ ایکشن پلان کی بنیاد پر مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ اسپتالوں کے مقامات کا انتخاب متعلقہ ریاستی حکومتیں اپنی مقامی ضروریات اور تجاویز کے مطابق کرتی ہیں، جبکہ مرکزی حکومت انہی تجاویز کی بنیاد پر مالی امداد فراہم کرتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر