
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا اثر بدھ کو ہندوستانی شیئر بازار پر بھی واضح طور پر نظر آیا۔ نفٹی مسلسل ساتویں کاروباری دن جبکہ سینسیکس مسلسل چوتھے کاروباری دن گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔
دن بھر دباؤ میں رہنے کے بعد بی ایس ای کا سینسیکس 325.78 پوائنٹس یعنی 0.42 فیصد کی کمی کے ساتھ 76,909.68 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دوسری جانب این ایس ای کا نفٹی 76.60 پوائنٹس یعنی 0.32 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 24,078.30 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس معمولی گراوٹ کے ساتھ 77,218.05 پوائنٹس پر کھلا تھا۔ ابتدائی خریداری کے باعث یہ پہلے پانچ منٹ میں 112.35 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 77,347.81 پوائنٹس کی سطح تک پہنچا، لیکن اس کے بعد بازار میں زبردست فروخت شروع ہوگئی۔مسلسل فروخت کے دباؤ کے باعث سینسیکس دن کی بلند ترین سطح سے تقریباً 525 پوائنٹس گر کر 76,822.89 پوائنٹس کی نچلی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم کاروبار کے آخری مرحلے میں معمولی خریداری سے اسے کچھ سہارا ملا اور یہ 325.78 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 76,909.68 پر بند ہوا۔
اسی طرح نفٹی نے 24,152.05 پوائنٹس پر کاروبار شروع کیا اور ابتدائی پانچ منٹ میں بڑھ کر 24,172.85 پوائنٹس تک پہنچا، لیکن بعد میں فروخت کے دباؤ کے باعث یہ دن کی نچلی سطح 24,025.65 پوائنٹس تک گر گیا۔ آخر میں معمولی خریداری کے باعث نفٹی نے کچھ بہتری حاصل کی اور 24,078.30 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران آئی ٹی شعبے کے شیئرز میں خریداری کا رجحان برقرار رہا، جس کے باعث نفٹی آئی ٹی انڈیکس 0.73 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ دوسری جانب کیپٹل گڈز، دفاع اور توانائی شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔
بی ایس ای کا کیپٹل گڈز انڈیکس 1.59 فیصد، دفاعی انڈیکس 1.50 فیصد اور انرجی انڈیکس 1.25 فیصد کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔اس کے علاوہ بینکنگ، آٹو موبائل، کنزیومر ڈیوربلز، ایف ایم سی جی، ہیلتھ کیئر، میٹل، آئل اینڈ گیس اور پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے انڈیکس بھی گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔وسیع تر بازار میں بھی فروخت کا دباؤ رہا۔ نفٹی مڈ کیپ انڈیکس 0.21 فیصد جبکہ اسمال کیپ انڈیکس 0.51 فیصد کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
شیئر بازار میں گراوٹ کے باعث سرمایہ کاروں کی دولت میں آج 3.51 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی۔ بی ایس ای میں درج کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاروبار کے اختتام پر گھٹ کر 488.67 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) رہ گئی، جبکہ منگل کو یہ 492.18 لاکھ کروڑ روپے تھی۔اس طرح ایک ہی دن میں سرمایہ کاروں کی دولت میں تقریباً 3.51 لاکھ کروڑ روپے کی کمی ہوئی۔
بی ایس ای پر آج 4,521 شیئرز میں کاروبار ہوا، جن میں 1,807 شیئرز میں تیزی، 2,483 میں گراوٹ جبکہ 231 شیئرزبغیر کسی تبدیلی کے بند ہوئے۔این ایس ای پر 3,077 شیئرز میں کاروبار ہوا۔ ان میں 1,071 شیئرز سبز نشان میں جبکہ 2,006 شیئرزسرخ نشان میں بند ہوئے۔بڑے شیئرز میں ایچ سی ایل ٹیکنالوجی 2.06 فیصد، جے ایس ڈبلیو اسٹیل 1.44 فیصد، سن فارماسیوٹیکلز 1.33 فیصد، ایٹرنل 1.30 فیصد اور وِپرو 0.84 فیصد اضافے کے ساتھ ٹاپ گینرز میں شامل رہے۔
دوسری جانب میکس ہیلتھ کیئر 1.72 فیصد، کول انڈیا 1.70 فیصد، پاور گرڈ کارپوریشن 1.68 فیصد، بجاج فائنانس 1.29 فیصد اور آئی ٹی سی 1.09 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ ٹاپ لوزرز میں شامل رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan