
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔
ہندوستان نے اپنی برکس صدارت کے تحت آٹھویں برکس یوتھ انرجی سمٹ 2026 کی ورچوئل ذریعے سے میزبانی کی۔ اس کانفرنس میں توانائی کے تحفظ، ماحول دوست (کلین) توانائی اور تکنیکی اختراعات جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزارتِ بجلی نے بدھ کے روز ایک بیان میں بتایا کہ ہندوستان نے برکس کی اپنی صدارت کے دوران 17 اگست کو آٹھویں برکس یوتھ انرجی سمٹ 2026 کی ورچوئل میزبانی کی۔ اس سمٹ میں تعلیمی اداروں، سرکاری اداروں اور برکس رکن ممالک کی وزارتِ توانائی سے وابستہ نوجوان توانائی پیشہ ور افراد سمیت 100 سے زائد شرکاء نے حصہ لیا۔ کانفرنس میں برکس یوتھ انرجی ایجنسی (برکس وائی ای اے) کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ سسٹین ایبل انرجی فار آل (ایس ای فار آل)، انٹرنیشنل سولر الائنس (آئی ایس اے) اور انٹرنیشنل رینیوایبل انرجی ایجنسی (ارینا - آئی آر ای این اے) جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
وزارت نے کہا کہ سمٹ میں برکس توانائی تعاون کے مرکز میں نوجوانوں کو رکھا گیا اور اختراع، انٹرپرینیورشپ، تکنیکی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے محرک کے طور پر ان کے کردار کو تسلیم کیا گیا۔ کانفرنس کی گفتگو میں برکس ممالک کے نوجوان ماہرین، ماہرینِ تعلیم، سرکاری اداروں اور صنعتی دنیا کے درمیان باہمی اشتراک کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
وزارتِ بجلی نے بتایا کہ آٹھویں برکس یوتھ انرجی سمٹ نے ’’سب کے لیے توانائی‘‘ کے تصور کے عین مطابق، توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور ایک محفوظ، پائیدار، جامع نیز مستقبل کے تقاضوں کے مطابق توانائی کے شعبے کو مستحکم بنانے میں برکس ممالک کے نوجوانوں کے اہم کردار کی توثیق کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن