
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔
ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو کی آن لائن ٹکٹ بکنگ سروس میں پریشانی پیش آ رہی ہے۔ کچھ مسافروں کو ایئر لائن کی ویب سائٹ اور ایپ پر پرواز تلاش کرنے یا نئی بکنگ کرنے کی کوشش میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وہیں مسافروں کو پروازوں کا شیڈول اور کرایہ بھی دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
ایئر لائن نے ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ سسٹم میں وقفے وقفے سے خرابی آ رہی ہے۔ اس کی وجہ سے کچھ صارفین کو ہماری آن لائن خدمات استعمال کرنے میں دشواری ہو سکتی ہے۔ ہماری ٹیمیں اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ویب سائٹ اور موبائل ایپ، دونوں پر ویب چیک اِن بھی نہیں ہو پا رہا ہے۔
انڈیگو نے سروس سے متعلق اطلاع میں کہا کہ اس وقت اس کے مرکزی ریزرویشن پلیٹ فارم میں وقفے وقفے سے کچھ تکنیکی مسائل پیش آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے کچھ صارفین کو آن لائن خدمات استعمال کرنے میں پریشانی ہو سکتی ہے۔ ایئر لائن نے کہا کہ اس کی ٹیمیں اپنے پارٹنر کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ انڈیگو بھارت کی سب سے بڑی بجٹ ایئر لائن ہے، جس کے پاس ملکی ہوا بازی کی مارکیٹ کا 60 فیصد سے زیادہ حصہ ہے۔ ایئر لائن روزانہ 2 ہزار سے زائد پروازیں چلاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ