
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س): ہنڈائی موٹر انڈیا لمیٹڈ (ایچ ایم آئی ایل) نے ستمبر سے اپنے تمام ماڈلز اور ویریئنٹس کی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک فیصد تک اضافے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اضافہ بڑھتی ہوئی ان پٹ لاگت، مہنگے خام مال، آپریشنل اخراجات اور جغرافیائی و سیاسی اور اقتصادی غیر یقینی صورتحال کے باعث کیا جا رہا ہے۔
کمپنی نے بدھ کو اسٹاک ایکسچینج کو ریگولیٹری فائلنگ میں دی گئی اطلاع میں بتایا کہ لاگت سے متعلق دباؤ کو کم کرنے کے لیے ہنڈائی موٹر انڈیا لمیٹڈ ستمبر سے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک فیصد تک اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کی مقدار ماڈل اور ویریئنٹ کے لحاظ سے مختلف ہوگی۔
ہنڈائی نے کہا کہ کمپنی لاگت کو بہتر بنانے اور بڑھتی ہوئی لاگت کے اثرات کو صارفین پر کم سے کم رکھنے کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ تاہم، قیمتوں پر مسلسل برقرار دباؤ کے باعث ستمبر 2026 سے معمولی قیمت میں اضافہ کرنا ضروری ہوگیا ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ وہ بڑھتی ہوئی لاگت کا بوجھ خود برداشت کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، تاکہ صارفین پر اس کا اثر کم سے کم ہو۔
قابل ذکر ہے کہ کمپنی کی گاڑیوں کی رینج میں ابتدائی ماڈل گرینڈ آئی10 نیوس سے لے کر الیکٹرک ایس یو وی آیونک 5 تک شامل ہیں۔ ان کی قیمتیں تقریباً 5.6 لاکھ سے 55.7 لاکھ روپے کے درمیان ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد