
اے ایم یو کے جے این میڈیکل کالج کو راحت سوشل امپیکٹ فاؤنڈیشن نے وہیل چیئرز عطیہ کیں
علی گڑھ، 14 اگست (ہ س)۔ راحت سوشل امپیکٹ فاؤنڈیشن نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو80 وہیل چیئرز عطیہ کی ہیں۔ اس سلسلہ میں شعبہ آرتھوپیڈک سرجری کی جانب سے لیکچر تھیٹر نمبر 1 میں منعقدہ ایک تقریب میں راحت سوشل امپیکٹ فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر محترمہ رمشہ سلطان نے 80وہیل چیئرز اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم محسن خان کے حوالے کیں۔ اس اقدام کو شعبہ آرتھوپیڈک سرجری کے چیئرمین پروفیسر عبد القیوم خان نے مربوط کیا، جنہوں نے مریضوں کی نقل و حرکت سے متعلق ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فاؤنڈیشن سے رابطہ کیا۔
اس تعاون کو سراہتے ہوئے پروفیسر ایم محسن خان نے کہا کہ سماجی تنظیموں کی معاونت طبی اداروں کی کوششوں کو تقویت دے سکتی ہے اور زیادہ قابل رسائی اور مریض دوست خدمات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے جے این ایم سی ایچ کی ترقی میں سابق طلبہ کے تعاون کے کردار کی ستائش کی۔ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے کہا کہ جے این ایم سی جیسے اعلیٰ درجے کے تدریسی طبی ادارے کے لیے اس طرح کے عطیات خصوصی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ یہاں علی گڑھ اور آس پاس کے اضلاع سے مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔
جے این میڈیکل کالج و اسپتال کے پرنسپل اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر انجم پرویز نے اسپتال کے اندر نقل و حرکت میں تعاون کے محتاج مریضوں کے لیے وہیل چیئرز کی عملی اہمیت کو اجاگر کیا اور فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نیر عاصف نے بھی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے شعبہ آرتھوپیڈک سرجری کے چیئرمین پروفیسر عبد القیوم خان نے اعلیٰ درجے کے طبی ادارے میں قابلِ رسائی اور مریض دوست سہولیات کی اہمیت پر زور دیا اور وہیل چیئرز کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
محترمہ رمشہ سلطان نے کہا کہ راحت سوشل امپیکٹ فاؤنڈیشن صحت خدمات کی بہتری اور سماجی بہبود میں تعاون سے متعلق اقدامات کی حمایت کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو مادرِ علمی کی خدمت کا ایک موقع قرار دیا اور اعلان کیا کہ فاؤنڈیشن، میڈیکل کالج و اسپتال کے ڈیجیٹلائزیشن کے لیے بھی مدد فراہم کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ عطیہ کے لئے اعلیٰ معیار کی وہیل چیئرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر رومان اختر نے پروگرام کی نظامت کی، جبکہ ڈاکٹر محمد باقر عباس نے اظہارِ تشکر کیا۔ تقریب میں سینئر اساتذہ، ڈاکٹرز، اسپتال کے عہدیداران، فاؤنڈیشن کے نمائندگان اور جے این میڈیکل کالج و اسپتال کے عملے کے اراکین موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ