
نئی دہلی، 10 اگست (ہ س)۔
شیئر بازار اور آئی پی او میں سرمایہ کاری کرکے کم وقت میں بھاری اور یقینی منافع کمانے کا جھانسہ دے کر 4.75 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کے معاملے میں شاہدرہ ضلع سائبر تھانہ پولیس نے اوڈیشہ سے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت بھونیشور کے خوردا کے رہنے والے سبرت کمار ساہو کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک موبائل فون اور سم کارڈ برآمد کیا ہے۔ تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ دھوکہ دہی کی رقم میں سے تقریباً 3.75 لاکھ روپے ملزم سے منسلک سینٹرل بینک آف انڈیا کے اکاو¿نٹ میں پہنچے تھے۔ اس اکاو¿نٹ میں محض دو ماہ کے دوران تقریباً 2.97 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ یہی اکاو¿نٹ ملک کے مختلف حصوں میں درج سائبر دھوکہ دہی کی 17 شکایات سے منسلک پایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق رام چندر یادو کی شکایت پر یکم اپریل کو سائبر تھانہ شاہدرہ میں ای-ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ شکایت کنندہ کو نامعلوم ملزمان نے واٹس ایپ کے ایک گروپ میں شامل کیا تھا۔ خود کو شیئر بازار کا ماہر اور ٹریڈر بتانے والے ملزموں نے شیئر ٹریڈنگ اور آئی پی او میں سرمایہ کاری کرنے پر زیادہ اور یقینی منافع کا بھروسہ دلایا۔
شاہدرہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجندر پرساد مینا نے پیر کو بتایا کہ ابتدا میں ملزموں نے فرضی ٹریڈنگ پلیٹ فارم اور ایپ پر سرمایہ کاری کی رقم پر بڑھا ہوا منافع دکھایا، جس سے شکایت کنندہ کو ان پر یقین ہو گیا۔ اس کے بعد اس نے یو پی آئی اور نیٹ بینکنگ کے ذریعے مجموعی طور پر 4.75 لاکھ روپے جمع کر دیے۔ جب اس نے مبینہ منافع کی رقم نکالنے کی کوشش کی تو ملزموں نے رقم نکالنے اور پروسیسنگ فیس کے نام پر اس سے مزید 12 لاکھ روپے مانگے۔ اس کے بعد اسے دھوکہ دہی کا احساس ہوا اور اس نے پولیس سے شکایت کی۔
تفتیش کے دوران پولیس ٹیم نے دھوکہ دہی کی رقم سے منسلک بینک کھاتوں اور لین دین کا تجزیہ کیا۔ تقریباً 3.75 لاکھ روپے سینٹرل بینک آف انڈیا کے ایک اکاو¿نٹ میں پہنچے تھے۔ یہ اکاو¿نٹ ایک نجی فرم کے نام پر کھولا گیا تھا۔ اس میں سبرت کمار ساہو اور سنتوش کمار لینکا کھاتہ دار کے طور پر درج تھے۔ فرم کا پتہ بھونیشور، اوڈیشہ کا ملا۔ اکاو¿نٹ سے منسلک موبائل نمبر کی تکنیکی جانچ میں سم سبرت کمار ساہو کے نام پر رجسٹرڈ پایا گیا۔
پوچھ گچھ میں ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے سائبر دھوکہ دہی کی رقم کو ادھر ادھر منتقل کرنے کے لیے کئی بینک اکاو¿نٹس کھلوائے یا ان کا انتظام کیا تھا۔ اس نے تقریباً سات بینک اکاو¿نٹس کھلوانے کی بات بتائی، جن میں کارپوریٹ اور سیونگ اکاو¿نٹس دونوں شامل ہیں۔ اس کے موبائل کی جانچ میں شریک ملزموں کے ساتھ بینک اکاو¿نٹس اور لین دین کے حوالے سے بات چیت بھی ملی ہے۔
تفتیش میں سامنے آیا کہ متعلقہ اکاو¿نٹ میں تقریباً دو ماہ کے دوران 2,97,33,000 روپے جمع ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملزم سبرت اور شریک ملزم سنتوش کمار لینکا بینک اکاو¿نٹ سے متعلق سرگرمیوں کے سلسلے میں ہوائی جہاز سے گوہاٹی بھی گئے تھے۔ پولیس اب اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد اور پوری کڑی کا پتہ لگا رہی ہے۔ پولیس کی تفتیش میں اس اکاو¿نٹ سے ملک کے مختلف حصوں میں درج سائبر دھوکہ دہی کی 17 شکایات منسلک پائی گئی ہیں۔ اس سے شبہ ہے کہ بینک اکاو¿نٹ کا استعمال سائبر دھوکہ دہی سے حاصل رقم کو مختلف اکاو¿نٹس میں منتقل کرنے کے لیے کیا جا رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ