
نئی دہلی، 10 اگست (ہ س)۔ سپریم کورٹ 17 اگست کو ایودھیا میں رام جنم بھومی مندر چڑھاوا کی مبینہ چوری کی تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سماعت کرے گا۔ پیر کو، اتر پردیش حکومت کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کو بتایا کہ سالیسٹر جنرل تشار مہتا آج دستیاب نہیں ہیں اور وہ امریکہ میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے گئے ہیں ۔ اس کے بعد چیف جسٹس نے 17 اگست کو معاملے کی سماعت کا حکم دیا۔
معاملہ پیر کو سماعت کے لیے درج تھا۔ 27 جولائی کو، اتر پردیش حکومت نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا کہ چڑھاوے کی مبینہ چوری کی تحقیقات کے لیے ایک نئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی ) تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے فارنسک آڈیٹر کو شامل کرنے کی ہدایت د ی تھی ۔ عدالت نے ایس آئی ٹی کو جانچ پر اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ سماعت کے دوران مہتا نے کہا کہ یوپی حکومت نے لکھنو¿ رینج کے آئی جی ایس کرن کی سربراہی میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی ۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل دیودت کامت نے دلیل دی کہ رام مندر کی تعمیر کے لیے ملک بھر سے ملنے والے عطیات کا آڈٹ کیا جانا چاہیے اور عطیہ دہندگان کے لیے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ٹرسٹ کو ملنے والے فنڈز کی تقسیم کو عام کیا جانا چاہیے۔
عدالت نے ٹرسٹ اور اتر پردیش حکومت کو 13 جولائی کو نوٹس جاری کیا تھا۔ عدالت نے ایس آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق ریکارڈ طلب کیا تھا۔ درخواست دو وکلا اجے کمار رائے اور دنیش کمار یادو نے دائر کی تھی۔ عرضی میں مرکزی حکومت، اتر پردیش کی حکومت اور شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ کو مالی بے ضابطگیوں کو روکنے کے لیے ایک طریقہ کار قائم کرنے کی ہدایت دینے کی مانگ کی گئی ہے، کیونکہ اس سے لاکھوں عقیدت مندوں کے جذبات جڑے ہیں۔
اس سے پہلے بھی ایک وکیل نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر اس معاملے کا از خود نوٹس لینے اور تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ وکیل انوپ اوستھی نے سپریم کورٹ کو لکھا کہ یہ مسئلہ ملک کے کروڑوں لوگوں کےعقیدے سے جڑا ہوا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات عدالت کی بنگرانی میں کی جائے۔
ہندوستھان سماچار
------------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد