
گڈچرولی، ممبئی ، 10 اگست (ہ س)۔ دھانورا تعلقہ کے جپت لائی علاقے میں واقع امدادی آشرم اسکول میں سانپ کے ڈسنے سے متاثرہ گیارہ سالہ دیپیکا بلکوراسائے ماڈاوی کو مزید علاج کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ایئر لفٹ کرکے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ناگپور کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال منتقل کیا ہے۔ دیپیکا کو ابتدائی طبی امداد دی جارہی تھی، تاہم اس کی حالت اور مزید علاج کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے اسے ناگپور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے فوری طور پر تال میل قائم کرکے ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا۔دیپیکا کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ناگپور پہنچایا گیا، جہاں اسے مزید علاج کے لیے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اسے ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ناگپور کی متعلقہ طبی انتظامیہ سے بھی رابطہ قائم کیا ہے۔ طبی ٹیم دیپیکا کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ بھی اس کی صحت سے متعلق مسلسل معلومات حاصل کررہی ہے اور ضرورت کے مطابق مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے