
علی گڑھ, 10 اگست (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے نئے صدر پروفیسر سید سراج اعظمی نے عہدہ سنبھالتے ہی شعبہ کے ایڈوانس اسٹڈی سینٹر کی بحالی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو جی سی کی جانب سے اے ایم یو کے شعبہ اردو کو ایڈوانس اسٹڈی سینٹر کا درجہ حاصل ہونا پورے ملک میں اردو کے لیے ایک بڑا اعزاز تھا، لیکن کسی وجہ سے یہ مرکز بند ہوگیا۔ اب اسے دوبارہ بحال کرانے کے لیے کوشش کی جائے گی۔
پروفیسر سید سراج اعظمی نے شعبہ اردو کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوانس اسٹڈی سینٹر کی بحالی آسان کام نہیں ہے، تاہم مشکلات سے گھبرانے کے بجائے مسلسل کوشش جاری رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ سطح پر کوششوں کے ذریعے مرکز کو دوبارہ فعال کرانے میں کامیابی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اے ایم یو کا شعبہ اردو ایک شاندار علمی و ادبی روایت کا حامل ہے اور یہاں سے علم، ادب اور تہذیب کا پیغام ملک و بیرون ملک پہنچتا رہا ہے۔ وہ اپنے پیش رو اساتذہ کی علمی روایت کو آگے بڑھانے کے ساتھ شعبہ میں سیمینار، مذاکرے اور دیگر علمی و ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔پروفیسر سراج اعظمی نے کہا کہ شعبہ اردو کی علمی شناخت کو مزید مستحکم کرنے اور اردو ادب کی خدمت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ