
نئی دہلی، 31 جولائی (ہ س)۔
گھریلو شیئر بازارآج ابتدائی کاروبار میں معمولی اتارچڑھاو کے ساتھ فلیٹ سطح پر برقرارہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات معمولی اضافے کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازارکھلنے کے بعد فروخت کا دباو بننے کے سبب سینسیکس اورنفٹی دونوں انڈیکس پہلے 20 منٹ میں ہی گر کر سرخ نشان میں پہنچ گئے۔ حالانکہ خریداروں نے تھوڑی دیر بعد ہی خریداری کا زور بنا دیا، جس سے ان دونوں انڈیکس نے واپس سبز نشان میں اپنی جگہ بنا لی۔ پہلے ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد سینسیکس 0.03 فیصد اور نفٹی 0.08 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
ابتدائی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد شیئر بازار کی سرکردہ کمپنیوں میں سے بجاج فنانس، بجاج فنسرو، مہندرا اینڈ مہندرا، شری رام فنانس اور جیو فنانشل کے شیئر 6.64 فیصد سے لے کر 1.24 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب، ٹی سی ایس، انفوسس، وپرو، ایچ سی ایل ٹیکنالوجی اور ٹیک مہندرا کے شیئر 2.92 فیصد سے لے کر 1.11 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں شیئر بازار میں 2,685 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہو رہی تھی۔ ان میں سے 1,907 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں کاروبار کر رہے تھے، جبکہ 778 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 16 شیئر خریداری کی حمایت سے سبز نشان میں برقرار تھے۔ دوسری جانب 14 شیئر فروخت کے دباو میں سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 28 شیئر سبز نشان میں اور 22 شیئر سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظرآرہے تھے۔
بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس آج 70.51 پوائنٹس یعنی 0.09 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ 77,998.66 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار کی شروعات ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی فروخت کا دباو بن گیا، جس کی وجہ سے یہ انڈیکس گر کر سرخ نشان میں 77,809.93 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد خریداروں نے خریداری کا زور بنا دیا، جس سے اس انڈیکس کی چال میں سدھار ہوتا ہوا نظر آنے لگا۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان ابتدائی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد صبح 10.15 بجے سینسیکس 22.87 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 77,951.02 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 44.30 پوائنٹس یعنی 0.18 فیصد اضافے کے ساتھ 24,361.45 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلنے کے کچھ دیر بعد ہی فروخت شروع ہونے کی وجہ سے یہ انڈیکس اوپننگ لیول سے 60 پوائنٹس سے زیادہ گر کر سرخ نشان میں 24,299.70 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس سے اس انڈیکس کی چال میں سدھار ہونے لگا۔ بازار میں مسلسل جاری خرید و فروخت کے درمیان ابتدائی ایک گھنٹے کا کاروبار ہونے کے بعد صبح 10.15 بجے نفٹی 19.80 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 24,336.95 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن