
جموں، 31 جولائی (ہ س)۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی مکمل بندش کے باوجود شری امرناتھ یاترا بلا تعطل جاری ہے۔ جمعہ کی علی الصبح 1,605 یاتریوں پر مشتمل 24واں جتھہ جموں کے بھگوتی نگر یاتری نیواس سے بالتل بیس کیمپ کے لیے روانہ کیا گیا۔جوائنٹ پولیس کنٹرول روم کے مطابق تیرتھ یاتریوں کا جتھہ صبح 2 بج کر 42 منٹ پر 54 گاڑیوں کے ساتھ روانہ ہوا، جن میں 38 بسیں، 7 درمیانی درجے کی موٹر گاڑیاں اور 9 ہلکی موٹر گاڑیاں شامل تھیں۔ جتھے میں 1,215 مرد، 335 خواتین، 48 سادھو، 5 سادھویاں اور سادھوؤں کے ہمراہ دو بچے شامل تھے۔ اس تازہ جتھے کے روانہ ہونے کے بعد رواں برس بھگوتی نگر بیس کیمپ سے امرناتھ یاترا پر روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 806 ہو گئی ہے۔
دریں اثنا، ضلع انتظامیہ ادھم پوراوررام بن کی ہدایت پر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعہ کے روز ہر قسم کی ٹریفک معطل رہی۔ حکام کے مطابق گنگرو، کشتواڑی پتھر، سمرولی اور لدھا سمیت حساس مقامات پر سڑک کی بحالی، ملبہ ہٹانے اور پہاڑی ڈھلوانوں کو محفوظ بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ عوامی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہراہ کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے تاکہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) مرمتی کام بروقت مکمل کر سکے۔ تاہم امرناتھ یاترا کا 24واں جتھہ ٹریفک کی معطلی نافذ ہونے سے قبل ہی شاہراہ کے متاثرہ حصے سے بحفاظت گزر چکا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر