
علی گڑھ, 30 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے ریسرچ، انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ (ریڈ) سیل کے زیراہتمام ‘‘کھیت سے دواسازی تک: ادویاتی پودوں کی معیار بندی میں تحفظِ نباتات کا کردار’’ موضوع پر القصیم یونیورسٹی، سعودی عرب کے شعبہ پلانٹ پروٹیکشن کے پروفیسر محمد محمود نے خصوصی لیکچر دیا۔ پروفیسر سیدہ آمنہ ناز نے مہمان مقرر کا تعارف کرایا۔
پروفیسر محمود نے خصوصاً یونانی طب میں ادویاتی پودوں کے معیار اور ان کی افادیت و تحفظ کو یقینی بنانے میں تحفظِ نباتات کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری جڑی بوٹیوں پر مبنی ادویات کی تیاری کے لیے سائنسی بنیادوں پر تحفظِ نباتات کے طریق ہائے عمل ناگزیر ہیں۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوان محققین کو زرعی علوم اور دواسازی کی تحقیق کے باہمی امتزاج کے ذریعہ محفوظ اور معیاری جڑی بوٹیوں پر مبنی مصنوعات تیار کرنے کی ترغیب دی۔
لیکچر میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے بھرپور دلچسپی کے ساتھ شرکت کی اور سوال و جواب کے سیشن کے دوران سوالات بھی کیے۔
فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے ڈین پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف نے اس مفید لیکچر کو سراہتے ہوئے پروفیسر محمد محمود کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی علمی نشستیں تحقیق اور بین شعبہ جاتی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب میں فیکلٹی کے تحقیقی جریدے ‘‘یونانی میڈیکس’’ کے تازہ شمارہ کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس موقع پر ادارتی بورڈ کے اراکین پروفیسر تنزیل احمد، ڈاکٹر عمار ابن انور، ڈاکٹر عبدالعزیز خان، ڈاکٹر عرشی ریاض اور ڈاکٹر سنبل رحمٰن بھی موجود تھے۔
آخر میں پروفیسر ضمیر احمد نے کلمات تشکر ادا کئے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر ابیہہ احمد خان نے انجام دیے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ