
نئی دہلی، 30 جولائی (ہ س)۔ دولت مشترکہ کھیل 2026 کے ساتویں دن بدھ کے روز ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سونے اور ایک چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ پیرا ایتھلیٹکس میں دلیپ گاوت نے مردوں کی 100 میٹر ٹی 47 مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی، جبکہ ان کے ہم وطن محمد باسل نے چاندی کا تمغہ حاصل کر کے ہندوستان کو اس مقابلے میں تاریخی 1-2 فنش دلائی۔ وہیں، لمبی کود میں مرلی سری شنکر نے 8.09 میٹر کی بہترین چھلانگ کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیت کر مسلسل دوسرے دولت مشترکہ کھیل میں پوڈیم پر جگہ بنائی۔
دن کی شروعات ہندوستانی مکے بازوں کی شاندار کارکردگی سے ہوئی، جہاں ساکشی چودھری، اروندھتی چودھری اور سچن سواچ سمیت کل چھ ہندوستانی مکے بازوں نے اپنے اپنے کوارٹر فائنل مقابلے جیت کر کم از کم کانسے کا تمغہ یقینی بنا لیا۔
دلیپ گاوت نے 10.71 سیکنڈ کے گیمز ریکارڈ وقت کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ محمد باسل نے 10.83 سیکنڈ کا وقت نکال کر چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ یہ ہندوستان کا اس ایڈیشن کا تیسرا سونے کا تمغہ رہا۔ دوسری طرف، مرلی سری شنکر نے جمیکا کے تاجے۔ گیل کے سخت مقابلے کے درمیان 8.09 میٹر کی چھلانگ لگا کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ اسکاٹ لینڈ کے اسٹیفن میکنزی کو کانسے کا تمغہ ملا، جبکہ ہندوستان کے لوکیش ستیہ ناتھن پانچویں مقام پر رہے۔
ان شاندار کارکردگیوں کے بعد ہندوستان نے تمغوں کی فہرست میں بھی چھلانگ لگائی ہے۔ ہندوستان اب 3 سونے، 9 چاندی اور 3 کانسے سمیت کل 15 تمغوں کے ساتھ آٹھویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔
تمغوں کی جدول میں آسٹریلیا 47 سونے، 21 چاندی اور 35 کانسے سمیت 103 تمغوں کے ساتھ سرفہرست بنا ہوا ہے۔ کینیڈا 39 تمغوں کے ساتھ دوسرے اور انگلینڈ 56 تمغوں کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔
میزبان اسکاٹ لینڈ چوتھے، نائجیریا پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے اور ملائیشیا ساتویں مقام پر ہیں۔ ہندوستان کے بعد نیوزی لینڈ نویں نیز جمیکا دسویں مقام پر موجود ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن