
آئی آئی ٹی کھڑگ پور کے طالب علم کو آئی آئی ٹی رڑکی منتقل کرنے کی سپریم کورٹ سے اجازت
نئی دہلی، 30 جولائی (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے طبی وجوہات کی بناء پر ’بارڈر لائن پرسنالٹی ڈس آرڈر‘ کے شکار آئی آئی ٹی کھڑگ پور کے ایک طالب علم کو آئی آئی ٹی رڑکی منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جسٹس بی وی ناگرتنا کی صدارت والی بنچ نے آئی آئی ٹی کھڑگ پور کو ہدایت دی کہ وہ طالب علم کو ایک ہفتے کے اندر ٹرانسفر سرٹیفکیٹ جاری کرے۔
طالب علم نے عرضی دائر کر کے کہا تھا کہ آئی آئی ٹی کھڑگ پور کی جانب سے اس کا ٹرانسفر سرٹیفکیٹ روکنے سے اسے زندگی بچانے والا علاج نہیں مل پائے گا۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ آئی آئی ٹی کھڑگ پور نے ایسے دوسرے طلباء کو ٹرانسفر سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا، لیکن اسے یہ سرٹیفکیٹ جاری نہیں کر رہی ہے۔ طالب علم 'بارڈر لائن پرسنالٹی ڈس آرڈر‘ کا شکار ہے۔ درخواست گزار اپنے والدین کی دیکھ بھال میں رڑکی میں علاج کروا سکے گا، اس لیے اسے آئی آئی ٹی رڑکی منتقل کر دیا جائے۔
اس سے پہلے سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ایمس اسپتال کو ہدایت دی تھی کہ وہ درخواست گزار طالب علم کی صحت کی صورتِ حال کا جائزہ لے۔ ایمس کی رپورٹ کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے یہ حکم جاری کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن