شیئر مارکیٹ میں منافع کمانے کا جھانسہ دے کر بزرگ سے 2 کروڑ 35 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی
نوئیڈا، 30 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش کے نوئیڈا میں سیکٹر 21 کی جلوایو وہار سوسائٹی میں رہنے والے 73 سالہ بزرگ کو سائبر جرائم پیشہ افراد نے اپنے جال میں پھنسا کر شیئر ٹریڈنگ میں بھاری منافع کمانے کا لالچ دیا اور ان سے 2 کروڑ 35 لاکھ 51 ہزار 136 روپے ک
شیئر مارکیٹ میں منافع کمانے کا جھانسہ دے کر بزرگ سے 2 کروڑ 35 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی


نوئیڈا، 30 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش کے نوئیڈا میں سیکٹر 21 کی جلوایو وہار سوسائٹی میں رہنے والے 73 سالہ بزرگ کو سائبر جرائم پیشہ افراد نے اپنے جال میں پھنسا کر شیئر ٹریڈنگ میں بھاری منافع کمانے کا لالچ دیا اور ان سے 2 کروڑ 35 لاکھ 51 ہزار 136 روپے کی ٹھگی کر لی۔ متاثرہ شخص نے گزشتہ رات سائبر کرائم تھانے میں مقدمہ درج کرایا ہے۔

پولیس کی ڈپٹی کمشنر (سائبر کرائم) محترمہ شویہ گوئل نے بتایا کہ سیکٹر 21 کے کیو بلاک کے رہائشی 73 سالہ آنند ولد بھوپیندر پرساد نے گزشتہ رات تھانے میں شکایت درج کرائی۔ ان کے مطابق 10 جون 2026 کو انہیں واٹس ایپ کے ذریعے ایک پیغام موصول ہوا، جس میں شیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر کے زیادہ منافع حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی۔ انہیں شیئر ٹریڈنگ کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کا فارم دیا گیا، جسے انہوں نے بھر کر جمع کرا دیا اور اسے حقیقی سمجھتے ہوئے متعلقہ افراد سے مسلسل رابطے میں رہے۔

متاثرہ شخص کے مطابق 14 جون 2026 کو واٹس ایپ پر انہیں اطلاع دی گئی کہ ان کے ٹریڈنگ اکاؤنٹ کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔ کے وائی سی کی تصدیق کے لیے انہوں نے اپنا آدھار کارڈ، پین کارڈ اور تصویر کی نقول بھی فراہم کیں۔ اس کے بعد انہیں یوپی ایکس پرو ٹریڈنگ ایپلی کیشن انسٹال کرنے کے لیے کہا گیا۔

ان کے مطابق پلیٹ فارم چلانے والے افراد نے بتایا کہ وہ اپر سرکٹ پر موجود شیئر خرید کر اگلے دن فروخت کریں تو انہیں 5 فیصد منافع حاصل ہوگا۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ وہ رعایتی قیمتوں پر بلاک ڈیل میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ایپلی کیشن کے ذریعے رعایتی نرخوں پر پیش کیے گئے آئی پی اوز میں بھی انہوں نے سرمایہ کاری کی۔

متاثرہ شخص کے مطابق 15 جون سے 21 جولائی کے درمیان انہوں نے مختلف بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 35 لاکھ 51 ہزار 136 روپے منتقل کیے۔ ایپ پر ان کی سرمایہ کاری کی مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد دکھائی جا رہی تھی۔ جب انہوں نے ایک کروڑ 85 لاکھ روپے نکالنے کی درخواست کی تو ملزمان نے کہا کہ بطور ٹیکس انہیں مزید 62 لاکھ 51 ہزار 136 روپے جمع کرانے ہوں گے۔ انہوں نے یہ رقم بھی ادا کر دی، لیکن اس کے بعد بھی ان سے مزید 37 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔ تب انہیں شبہ ہوا کہ وہ سائبر فراڈ کا شکار ہو چکے ہیں۔

متاثرہ شخص کے مطابق 27 جولائی کو وہ ممبئی کے دادر گئے اور اس کمپنی سے رابطہ کیا جس کے نام پر ان سے شیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے رقم لی گئی تھی۔ وہاں معلوم ہوا کہ وہ سائبر ٹھگی کا شکار ہوئے ہیں۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande