
جموں, 30 جولائی (ہ س): جموں خطے میں مسلسل موسلادھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع کٹھوعہ میں شدید بارش کے بعد بیلا اور ترناہ نالوں میں طغیانی آ گئی، جس سے کئی گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے تحت شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے بیٹری کار روٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے، تاہم روایتی راستے سے یاترا معمول کے مطابق جاری ہے۔ خراب موسم کے باعث کٹرا سے سانجھی چھت تک ہیلی کاپٹر سروس بھی متاثر رہی۔
جموں شہر کے ملہوترا محلہ میں بارش کے بعد تقریباً 80 سال پرانا ایک مکان منہدم ہو گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر جموں-اکھنور قومی شاہراہ پر مٹھی علاقے میں بارش کے دوران ایک مسافر بس الٹنے سے نو افراد زخمی ہو گئے۔
ضلع ڈوڈہ میں مسلسل بارش اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔
مسلسل بارش کے باعث جموں-سرینگر قومی شاہراہ بھی متعدد مقامات پر متاثر رہی۔ ادھم پور کے دیول اور رام بن-بانہال سیکٹر میں ملبہ گرنے کے بعد بحالی کا کام جاری ہے، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
کٹھوعہ کے ہیرا نگر میں پرائمری ہیلتھ سینٹر اور گرلز ہائی اسکول کے احاطے میں بارش کا پانی داخل ہونے سے مریضوں، طلبہ اور عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دریں اثنا، ضلع ریاسی میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر نے شدید بارش کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے گاڑی چلانے والوں کو زیر آب سڑکوں سے گریز کرنے، پہاڑی علاقوں میں پتھر گرنے کے خطرے کے باعث احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر