
نئی دہلی، 30 جولائی (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت والی تین ریاستوں گجرات، بہار اور مدھیہ پردیش میں آج ضمنی انتخاب کے لیے صبح سات بجے ووٹنگ شروع ہو گئی۔ ان میں بہار کی بانکی پور، مدھیہ پردیش کی دتیا اور گجرات کی منجل پور اسمبلی نشست شامل ہیں۔ بانکی پور نشست بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین کے اپریل میں راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہونے سے خالی ہوئی ہے۔ بانکی پور کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا مضبوط گڑھ مانا جاتا ہے۔ تینوں نشستوں کے نتائج تین اگست کو آئیں گے۔
دتیا کی سیٹ کانگریس رکن اسمبلی راجیندر بھارتی کو سزا سنائے جانے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ سزا کی وجہ سے اپریل میں ان کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی گئی تھی۔ منجل پور میں ضمنی انتخاب بی جے پی کے آٹھ بار کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر یوگیش پٹیل کے انتقال کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ طویل بیماری کے بعد 2 جون کو ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ 2008 میں حد بندی کے بعد وجود میں آئی منجل پور نشست پر ہمیشہ سے بی جے پی کا دبدبہ رہا ہے۔
دتیا میں بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری اور کانگریس کے گھنشیام سنگھ کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہے۔ بانکی پور میں بی جے پی سے نیرج کمار سنہا میدان میں ہیں۔ جن سوراج کے پرشانت کشور اور آر جے ڈی سے ریکھا گپتا بھی قسمت آزما رہے ہیں۔ منجل پور سے بی جے پی نے ستیش پٹیل کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس نے بھیکھا بھائی رباری کو ٹکٹ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ مراکز پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور وی وی پیٹ کے انتظامات کیے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن