
جموں, 30 جولائی (ہ س): جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے مشن پوشن کے تحت کیو آر کوڈ پر مبنی آنگن واڑی مراکز کا آغاز کیا۔ اس اقدام کا مقصد آنگن واڑی مراکز میں شفافیت، ڈیجیٹل گورننس اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔یہ اقدام سماجی بہبود محکمہ کی جانب سے ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم پروگرام کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر سکریٹری سماجی بہبود سردمد حفیظ، کمشنر سکریٹری تعلیم، کمشنر سکریٹری منصوبہ بندی، سکریٹری دیہی ترقی، منیجنگ ڈائریکٹر مشن پوشن سجاد حسین گنائی اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
چیف سکریٹری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی خدمات میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے سماجی بہبود محکمہ کو ہدایت دی کہ آنگن واڑی مراکز کے ڈیجیٹل نظام کو تعلیم، صحت اور ٹیکہ کاری کے ریکارڈ سے مربوط کیا جائے تاکہ ہر بچے کی تعلیم، صحت اور نشوونما کا مکمل ریکارڈ ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہو۔
کمشنر سکریٹری سماجی بہبود سردمد حفیظ نے بتایا کہ محکمہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے اشتراک سے تیار کیے گئے اس نظام کے تحت جموں و کشمیر کے ہر آنگن واڑی مرکز کو منفرد کیو آر کوڈ دیا گیا ہے۔ شہری اس کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے متعلقہ مرکز، کارکنوں، مستفیدین، غذائی سہولیات، بنیادی ڈھانچے، سرکاری اسکیموں اور دیگر خدمات سے متعلق معلومات فوری طور پر حاصل کر سکیں گے۔اجلاس میں مشن پوشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سجاد حسین گنائی نے ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم کے تحت جاری اقدامات پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ مستفیدین کے آدھار اندراج، آبا ار آپار آئی ڈیز کی تیاری، تمام آنگن واڑی مراکز کی ڈیجیٹل میپنگ، جدید ٹریکنگ ایپلی کیشن، مراکز کی اپ گریڈیشن اور بچوں کے لیے سرگرمیوں پر مبنی تعلیم جیسے اقدامات پر تیزی سے کام جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر