
حیدرآباد ، 30 جولائی (ہ س)۔ تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی کولے کرنئی دہلی سے حیدرآباد آنے والی انڈیگو کی پرواز کوشدید بارش اورخراب موسمی حالات کے باعث راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ، شمس آباد پر لینڈنگ کے لیے دومرتبہ کوشش کرنی پڑی۔
اطلاعات کے مطابق حیدرآباد میں موسلا دھار بارش اور خراب موسم کی وجہ سے طیارہ پہلی کوشش میں بحفاظت لینڈ نہیں کرسکا۔ حفاظتی ضوابط کے تحت پائلٹ نے لینڈنگ منسوخ کرتے ہوئے طیارے کودوبارہ فضامیں بلند کیا،جہاں وہ تقریباً20 منٹ تک شہر کے اوپرچکرلگاتا رہا۔
بعد ازاں موسم میں قدرے بہتری آنے پر پائلٹ نے دوسری مرتبہ لینڈنگ کی کوشش کی، جو کامیاب رہی، اورطیارہ رات تقریباً8 بج کر35 منٹ پر بحفاظت راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراترگیا۔
رپورٹس کے مطابق اس پروازمیں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سمیت تقریباً229 مسافرسوارتھے۔ اس واقعے میں کسی بھی مسافریا عملے کے رکن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اورتمام افراد محفوظ رہے۔
یہ حالیہ ہفتوں میں دوسرا موقع ہے جب وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی پروازخراب موسم سے متاثر ہوئی ہے۔
اس سے قبل 12 جون کوبھی نئی دہلی سے حیدرآباد آنے والی انڈیگو کی ایک پرواز،جس میں وزیراعلیٰ سوارتھے، شدید بارش کے باعث راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرلینڈنگ کی اجازت نہ ملنے پربنگلوروموڑ دی گئی تھی۔
اس روز پرواز کورات 9 بج کر 15 منٹ پر حیدرآباد پہنچنا تھا، تاہم خراب موسمی حالات کے سبب اسے متبادل ایئرپورٹ بھیج دیا گیا،اوروزیراعلیٰ اگلے روزحیدرآبادواپس پہنچے تھے۔
حالیہ دنوں میں تلنگانہ، خصوصاً حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث فضائی آپریشنزبھی متاثرہورہے ہیں۔ ایسے حالات میں ایئرلائنز اورایئرٹریفک کنٹرول مسافروں کی حفاظت کوترجیح دیتے ہوئے ضروری احتیاطی اقدامات اختیار کررہے ہیں۔
۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق