
گلاسگو، 30 جولائی (ہ س)۔ دولت مشترکہ 2026 میں آج کا (جمعرات کا) دن ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے انتہائی اہم رہے گا۔ ایتھلیٹکس، ویٹ لفٹنگ، لون بالز، ٹریک سائیکلنگ اور پیرا ٹریک سائیکلنگ سمیت کئی مقابلوں میں ہندوستانی کھلاڑی تمغوں کی دوڑ میں اپنی دعویداری پیش کریں گے۔
ہندوستانی دستے کی سب سے بڑی امیدیں ویٹ لفٹنگ میں مارٹینا دیوی مائبام اور لوپریت سنگھ سے رہیں گی۔ مارٹینا خواتین کے +86 کلوگرام زمرے کے فائنل میں اتریں گی، جبکہ لوپریت مردوں کے +110 کلوگرام زمرے میں سونے کے تمغے کے لیے اتریں گے۔ ہندوستان اب تک ویٹ لفٹنگ میں سات تمغے جیت چکا ہے، جس میں ایک سونے کا تمغہ شامل ہے۔
ایتھلیٹکس میں نیراج چوپڑا، روہت یادو اور یشویر سنگھ مردوں کے جیولن تھرو (نیزہ بازی) کوالیفکیشن میں حصہ لیں گے۔ وہیں پارل چودھری خواتین کی 5000 میٹر دوڑ میں تمغہ جیتنے کے ارادے سے اتریں گی۔ مردوں کے شاٹ پُٹ فائنل میں تجیندر پال سنگھ تور اور سمردیپ سنگھ گل سے بھی اچھی کارکردگی کی امید رہے گی۔
خواتین کے ڈسکس تھرو فائنل میں ندھی رانی اور سیما، جبکہ مردوں کے ٹرپل جمپ کوالیفکیشن میں پروین چتراویل اور سیلوا پربھو ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔
ڈیکاتھلون میں تجسوین شنکر پورے دن مختلف مقابلوں- 100 میٹر، لمبی کود، شاٹ پُٹ، اونچی کود اور 400 میٹر- میں چیلنج پیش کریں گے۔ مردوں کی 400 میٹر سیمی فائنل میں وشال ٹی کے اور 200 میٹر سیمی فائنل میں انیمیش کجور بھی ہندوستانی چیلنج کو مضبوط کریں گے۔
ٹریک سائیکلنگ میں ہندوستان کی مردوں کی ٹیم اسپرنٹ مقابلے کے کوالیفائنگ راونڈ میں اترے گی اور کوالیفائی کرنے پر کانسے اور سونے کے تمغے کے مقابلوں میں بھی حصہ لے گی۔ وہیں پیرا ٹریک سائیکلنگ میں لیشا داس خواتین کی سی 4 - سی 5 4000 میٹر انڈیویجول پرسیوٹ میں اپنا چیلنج پیش کریں گی۔
لون بالز میں نونیت سنگھ اور دنیش کمار مردوں کے ڈبلز نیز نین مونی سائکیا خواتین کے سنگلز زمرے کے مقابلوں میں کھیلیں گی۔
ہندوستان کی نظر جمعرات کو اپنے تمغوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے پر رہے گی، کیونکہ کئی اہم کھلاڑی فائنل اور کوالیفکیشن مقابلوں میں اپنی دعویداری پیش کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن