
نئی دہلی، 30 جولائی (ہ س)۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو چھتیس گڑھ کے بستر علاقے سے 209 رکنی قبائلی وفد کا راشٹرپتی بھون میں خیرمقدم کیااور بستر پنڈم-2026،کے مانجھی-چالکی اور دیگر قبائلی نمائندوں کے فاتح شرکاءکے اعزاز میں راشٹرپتی بھون میں ایک خصوصی ضیافت کی میزبانی کی ۔ اس دوران انہوں نے خود مہمانوں کو کھانا پیش کیا اور مستقبل میں بستر دسہرہ اور بستر پنڈم میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر اعلی وشنو دیو سائی کی قیادت میں راشٹرپتی بھون جانے والے وفد میں نائب وزیر اعلی اور ریاست کے وزیر داخلہ وجے شرما، وزیر ثقافت و سیاحت راجیش اگروال، بستر پنڈم-2026 کے فاتح شرکاء، پرگنہ مانجھی، مانجھی، چالکی، پدم شری ایوارڈ یافتگان، عوامی نمائندے اور سینئر حکام شامل تھے۔
وفد کے ساتھ گرمجوشی سے بات چیت کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے قبائلی ثقافت، لوک فنون، بستر کے روایتی سماجی نظام اور بستر پنڈم کی تنظیم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بستر پنڈم چھتیس گڑھ کی بھرپور قبائلی روایات اور ثقافتی ورثے کا ایک متحرک جشن ہے، جس نے بستر کی شناخت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ازسرنوقائم کیا ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اس طرح کی تقریبات نوجوانوں کو ان کی ثقافتی جڑوں سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ سیاحت اور مقامی روزگار کو فروغ دیں گی۔
مرمو نے کہا کہ حکومت کی کوششوں اور مقامی عوام کی شرکت کی وجہ سے بستر امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے تعلیم، سڑکیں، بجلی اور پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولیات کی توسیع کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پورے ملک کے لیے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے مانجھی اور چالکی کے کردار کو معاشرے اور انتظامیہ کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا۔
وزیر اعلی سائی کی درخواست پر صدر جمہوریہ نے مستقبل میں بستر دسہرہ اور بستر پنڈم میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بستر دسہرہ ایک خاص انداز میں ان کے دل کو چھوتا ہے۔ انہوں نے بھگوان جگن ناتھ کے لکڑی کے مجسمے اور بستر دسہرہ کی منفرد روایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بستر سے گہرا لگاو¿ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانجھی ان کے خاندان کا حصہ ہیں اور ان کے والد بھی مانجھی تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے امت شاہ نے کہا کہ وہ کئی بار راشٹرپتی بھون جا چکے ہیں لیکن پہلی بار انہیں یہاں بستر کے روایتی قبائلی لباس میں اتنے بڑے وفد کو دیکھ کر خاص طور پر خوشی ہوئی۔
تقریب کے دوران وزیر اعلی سائی نے صدر کو بستر سے تقریبا 300 سال پرانی محبت کی کہانی پر مبنی 'جھٹکو مٹکی' کا آرٹ ورک پیش کیا۔ وفد نے راشٹرپتی بھون کا بھی دورہ کیا اور ملک کے جمہوری اور آئینی ورثے کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی