
علی گڑھ, 30 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ ضلع مجسٹریٹ اویناش کمار نے ساون ماہ کے دوران کانوڑ یاترا کو محفوظ، پُرامن اور منظم طریقے سے مکمل کرانے کے لیے تمام محکموں کے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں نو اِنسیڈنٹ، نو ایکسیڈنٹ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نیرج کمار جادون سمیت پولیس اور انتظامی افسران موجود رہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کانوڑ راستوں پر گوشت کی تمام دکانیں بند رہیں گی جبکہ شراب کی دکانوں کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھا جائے گا۔ فوڈ سیفٹی محکمہ کو کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کی نگرانی اور تمام دکانوں پر نرخ نامے آویزاں کرانے کی ہدایت دی گئی۔
ضلع مجسٹریٹ نے رام گھاٹ-کلیان روڈ کی ناقص مرمت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے ایگزیکٹو انجینئر یوگیش کمار کی تنخواہ روکنے کے احکامات جاری کیے اور تمام ادھورے مرمتی کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
میٹنگ میں بجلی، پینے کے پانی، صفائی، ٹریفک، سی سی ٹی وی، اسٹریٹ لائٹس، آوارہ مویشیوں کی روک تھام، صحت مراکز پر ڈاکٹروں کی دستیابی، اینٹی وینم اور اینٹی ریبیز انجکشن کے مناسب ذخیرے سمیت تمام بنیادی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے تمام ایس ڈی ایم اور پولیس سرکل افسران کو مشترکہ طور پر مسلسل فیلڈ نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کانوڑ یاتریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہونے پائے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ