
خواتین ٹی20 ورلڈ کپ : انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 40 رن سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی
لندن، 03 جولائی (ہ س)۔ کپتان نیٹ سائیور-برنٹ اور سابق کپتان ہیدر نائٹ کی شاندار نصف سنچری اننگز کے دم پر میزبان انگلینڈ نے خواتین ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں جمعرات کے روز جنوبی افریقہ کو 40 رن سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اب خطابی مقابلے میں انگلینڈ کا سامنا آسٹریلیا سے 6 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کا آغاز انتہائی خراب رہا اور ٹیم محض 23 رن پر تین وکٹ گنوا چکی تھی۔ اس کے بعد چوٹ سے واپسی کر رہی نیٹ سائیور-برنٹ اور ہیدر نائٹ نے چوتھی وکٹ کے لیے 133 رن کی ریکارڈ شراکت داری کر کے ٹیم کو بحران سے باہر نکالا۔
سائیور-برنٹ نے صرف 47 گیندوں میں 75 رن کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا۔ وہیں ہیدر نائٹ نے 47 گیندوں میں 58 رن بنا کر ان کا شاندار ساتھ نبھایا۔ دونوں کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹ پر 169 رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے آغاز میں شبنم اسماعیل اور ماریزانے کیپ نے بہترین گیند بازی کی۔ اسماعیل نے 2 وکٹ، جبکہ کیپ نے اپنے چار اوور میں صرف 16 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
170 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم باقاعدہ وقفے سے وکٹ گنواتی رہی۔ کپتان لورا وولوارڈٹ صرف 13 رن بنا کر آوٹ ہو گئیں۔ سلامی بلے باز تازمین برٹس نے جدوجہد کرتے ہوئے 51 رن بنائے، لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے مناسب تعاون نہیں ملا۔ انگلینڈ کی جانب سے گیند بازوں نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لورین بیل اور چارلی ڈین نے دو۔دو وکٹ جھٹکے، جبکہ باقی گیند بازوں نے بھی نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 20 اوور میں 8 وکٹ پر 129 رن تک ہی محدود رکھا۔
میچ کے دوران انگلینڈ کی فیلڈنگ بھی شاندار رہی۔ صوفی ایکلسٹن نے مشکل کیچ لپک کر جنوبی افریقہ کی امیدوں کو جھٹکا دیا، جبکہ ڈینی وائٹ-ہاڈز کی درست تھرو سے سنالو جافٹا رن آوٹ ہوئیں۔ اس جیت کے ساتھ انگلینڈ نے گزشتہ چند برسوں میں آئی سی سی ناک آوٹ مقابلوں میں ملی مایوسیوں کا بدلہ بھی لے لیا۔ 2023 خواتین ٹی20 ورلڈ کپ اور 2024 خواتین ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے ملی ہار کا حساب برابر کرتے ہوئے انگلینڈ اب گھریلو سرزمین پر ورلڈ چیمپئن بننے سے صرف ایک جیت دور ہے۔
مختصر اسکور:
انگلینڈ: 169/5 (20 اوور)
نیٹ سائیور-برنٹ 75 (47)
ہیدر نائٹ 58 (47)
جنوبی افریقہ: 129/8 (20 اوور)
تازمین برٹس 51
نتیجہ: انگلینڈ 40 رن سے فاتح۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن