
نیویارک، 3 جولائی (ہ س)۔ جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر تبت کا جھنڈا تھامے ایک شخص نے خود کو آگ لگا لی۔ نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے اس کی تصدیق کی۔ مرنے والے کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج عام ہے اور وہاں سخت سکیورٹی ہے۔ تبت کی جلاوطن حکومت کے مطابق، حالیہ دہائیوں میں تبت پر چین کی حکمرانی کے خلاف مظاہروں سے منسلک درجنوں خود سوزی کے واقعات ہو چکے ہیں۔
سی این این کے مطابق، پولیس کے ترجمان نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے افسران نے شام ساڑھے 6 بجے کے قریب 911 کال کا جواب دیا۔ پہنچنے والے افسران نے ایک 52 سالہ شخص کو شدید جھلسا ہواپایا ۔ اسے اسپتال لے جایا گیا اور وہاں اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ اس شخص نے خود کو کیوں آگ لگائی۔ پولیس نے کہا کہ تفتیش جاری ہے۔ حکام نے ابھی تک مرنے والوں کی شناخت جاری نہیں کی ہے۔
فیس بک اکاونٹ سے لائیو سٹریم کی جانے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص تبتی پرچم تھامے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے فرسٹ ایونیو پر رکتا ہے اور پھر آگ کی لپٹوں میں دکھتا ہے۔ گاڑیاں گزرتی رہتی ہیں وہ زمین پرپڑارہتا ہے۔ اچانک دو لوگ آگ بجھانے والے آلات کے ساتھ پہنچتے ہیں۔
لائیو سٹریم کے قریب اسی فیس بک اکاو¿نٹ پر پوسٹ کی گئی ایک الگ ویڈیو میں، ایک شخص کو تبت کی آزادی اور لوگوں کے لیے اپنے ورثے اور شناخت کو کبھی نہ بھولنے کے لیے اتحاد کا مطالبہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے چینی حکومت پر تبتی شناخت، ثقافت اور زبان کو ختم کرنے کی پالیسیاں بنانے کا الزام بھی لگایا۔ تبت کی جلاوطن حکومت نے کہا کہ حالیہ دہائیوں میں تبت پر چین کی حکمرانی کے خلاف مظاہروں کے سلسلے میں درجنوں خودسوزی کی گئی ہیں۔
نیو یارک میں مقیم تبتی کارکن گروپوں کی طرف سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں، مشہور تبتی مصنف جمیانگ نوربو نے خود سوزی کرنے والے شخص کو ایک آزادی کارکن اور کمیونٹی لیڈر بتایا ہے۔ نوربو نے کہا کہ یہ شخص 1980 کی دہائی میں جلاوطنی کے دوران تبت سے فرار ہو گیا تھا اور نیویارک کو اپنا گھر بنا لیا تھا۔ وہ ٹیکسی ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ چین کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی 1951 سے تبت پر حکومت کر رہی ہے۔ بیجنگ کا موقف ہے کہ تبت صدیوں سے چینی سرزمین کا حصہ رہا ہے۔ یکم جولائی کو، چین نے نسلی اتحاد کے قانون کا نفاذ کیا، جس نے قانون کے دائرہ کار کو وسیع کیا تاکہ اسکولوں اور نسلی اقلیتی علاقوں میں سرکاری کاموں میں چینی زبان کے استعمال کو لازمی بنایا جا سکے۔ تبتی کارکنوں نے اس قانون پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی