
حیدرآباد ،28 جولائی (ہ س)۔
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کا بنیادی ستون ہے،مگر صحت اس ستون کی مضبوط بنیاد ہے۔ اگرطلبہ جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی طور پر صحت مند نہ ہوں تو تعلیم کے حقیقی ثمرات حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ صحت مند بچے ہی مستقبل میں باکردار، باصلاحیت، ذمہ دار اور قوم و ملت کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کرنے والے شہری ثابت ہوتے ہیں۔ اسی مقصد کے پیشِ نظر آج گورنمنٹ ہائی اسکول دارالشفاء، بہادر پورہ منڈل، حیدرآباد میں محکمۂ صحت کے اشتراک سے ایک فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ یہ کیمپ ہیڈماسٹر، گورنمنٹ ہائی اسکول دارالشفاء کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا، جبکہ محکمۂ صحت کی ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کی قیادت ڈاکٹر محمد شفیق نے کی۔ کیمپ کے دوران طلبہ و طالبات کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا، مختلف بیماریوں کی ابتدائی تشخیص کی گئی، ضروری طبی مشورے فراہم کیے گئے اور صحت و صفائی، متوازن غذا، جسمانی سرگرمی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مفید رہنمائی بھی دی گئی۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے نے نہایت ذمہ داری، خلوص اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں، جس پر طلبہ، اساتذہ اور والدین نے اطمینان کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق