
ماسکو/کیف، 28 جولائی (ہ س)۔
روس اور یوکرین کے درمیان 24 فروری، 2022 سے جنگ جاری ہے۔ روس نے یوکرین میں زبردست تباہی مچائی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے میں یوکرین نے بھی روس پر حملے بڑھا دیے ہیں۔ اس سے روس کو جان و مال کا نقصان ہورہا ہے۔ روس کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروا نے پیر کے روز کہا کہ 15 سے 24 جولائی کے درمیان روسی شہریوں کو نشانہ بنا کرکیے گئے یوکرین کے حملوں میں 86 افراد مارے گئے۔
دی ماسکو ٹائمز اور شنہوا کی رپورٹ کے مطابق، زاخاروا نے پریس کانفرنس میں کہا، ’’15 سے 24 جولائی کے درمیان یوکرینی فوج کے حملوں میں 86 افراد مارے گئے۔ ان میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔ 12 بچوں سمیت 409 افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘‘ ترجمان نے الزام لگایا کہ مغربی ممالک یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی کر کے اس کی فوجی طاقت کو مضبوط کر کے روس پر حملوں کو فعال طور پر شہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روسی فیڈریشن کی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق، 2014 اور 2026 کے درمیان یوکرینی فوج کے حملوں میں 240 سے زائد بچے مارے گئے ہیں۔ تقریباً 1,225 دیگر افراد مختلف طریقوں سے زخمی ہوئے ہیں۔ زاخاروا نے کہا، ’’اس سرزمین پر کوئی بھی یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ اسے معلوم نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔ یوکرین اور اس کے اتحادیوں کو اس کی قیمت چکانی ہوگی۔‘‘
دوسری طرف، علاقائی حکام نے پیر کی صبح بتایا کہ جنوبی روس میں یوکرینی فضائی حملوں میں کم از کم پانچ افراد مارے گئے اور تقریباً دو درجن دیگر زخمی ہو گئے۔ روستوف کے گورنر یوری سلیوسر نے ٹیلی گرام پوسٹ میں بتایا کہ بحیرۂ ازوف کے پاس روستوف آن ڈان شہر میں ایک رہائشی عمارت پر ہوئے حملے میں ایک جوڑے کی موت ہو گئی۔ بعد میں انہوں نے کہا کہ ملبے کے نیچے تین اور لاشیں ملیں، جن میں ایک بچے کی لاش بھی شامل تھی۔
سلیوسر نے کہا کہ حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون کا ملبہ گرنے سے کئی جگہوں پر آگ لگ گئی۔ پیر کی رات روستوف آن ڈان پر ہوئے حملے کے کچھ گھنٹوں بعد روسی ریلوے نے 4 اگست تک ازوف اور ٹیگن روگ کی اہم بندرگاہوں پر مال برداری پر پابندیوں کا اعلان کیا۔ حکام نے بتایا کہ بیلگوروڈ شہر میں ڈرون حادثے میں دو بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے اور ایک رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی۔
روس بھی حملوں کا سخت جواب دے رہا ہے۔ یوکرین کے زاپوریژیا صوبے کے گورنر ایوان فیڈوروف نے بتایا کہ جنوبی شہر میں گائیڈڈ ایریل بم اور ڈرون حملے میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ اس شہر پر حال کے مہینوں میں زبردست بمباری ہوئی ہے۔ یوکرین کے شمالی سومی علاقے میں روس کے گائیڈڈ ایریل بم حملے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
روس کی فوج نے اتوار کو کیو پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا۔ اس حملے میں چار افراد کی موت ہو گئی۔ یوکرین کی فضائیہ نے کہا کہ روسی فوج نے دارالحکومت کیو کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا، جس سے شہر میں دھماکے ہوئے۔ شمالی یوکرین کے شہر چرنیہیو میں مقامی حکام نے بتایا کہ ایک روسی ڈرون نے سپر مارکیٹ پر حملہ کیا، جس میں 10 سال کے بچے سمیت دو افراد کی موت ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن