
ستارا میں ٹرک اور کار کی ٹکر، میاں بیوی جاں بحق، بیٹا شدید زخمیممبئی، 28 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ضلع ستارا میں ستارا۔پنڈھرپور شاہراہ پر نیرے پھاٹا علاقے میں ایک پٹرول پمپ کے قریب منگل کی علی الصبح ٹرک اور کار کے درمیان ہونے والے شدید تصادم میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ستارا پولیس اسٹیشن کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور دونوں نعشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ستارا سول اسپتال بھیج دیا۔ زخمی بیٹے کو بھی علاج کے لیے اسی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تحقیقات میں مصروف ایک پولیس افسر نے بتایا کہ متوفی وجئے ببن راؤ بھوسلے کی 19 سالہ بیٹی گایتری پونے میں انجینئرنگ کے دوسرے سال کی طالبہ ہے۔ وجئے بھوسلے اپنی اہلیہ سمرُدھی اور بیٹے ورد کے ساتھ بیٹی کو پونے چھوڑنے کے لیے کار سے گئے تھے۔ بیٹی کو پونے چھوڑنے کے بعد جب تینوں واپس اپنے گھر جا رہے تھے تو پوسے گاؤں سے ستارا کی جانب آنے والا ایک ٹرک نیرے پھاٹا کے قریب پٹرول پمپ کے سامنے ان کی کار سے ٹکرا گیا۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ وجئے بھوسلے اور ان کی اہلیہ سمرُدھی بھوسلے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کا بیٹا ورد شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ستارا سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور سمیر بابو نداف کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق وجئے بھوسلے شری سیواگیری شکشن پرچارک منڈل میں سینئر کلرک کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے، جبکہ ان کی اہلیہ سمرُدھی گھریلو خاتون تھیں۔ اس حادثے کے بعد پوسے گاؤں اور اطراف کے علاقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے