
جموں، 27 جولائی (ہ س)۔
جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے پیر کی صبح امرناتھ یاترا کا 12واں قافلہ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان کشمیر کے لیے روانہ کیا گیا۔سرکاری حکام کے مطابق قافلے میں مجموعی طور پر 3,823 تیرتھ یاتری شامل ہیں، جن میں 2,966 مرد، 855 خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ یہ قافلہ 140 گاڑیوں پر مشتمل تھا اور تمام یاتری بالتل روٹ کے ذریعے مقدس امرناتھ گپھا کی جانب روانہ ہوئے۔یاتریوں کی روانگی کے موقع پر بھگوتی نگر بیس کیمپ بم بم بھولے اور ہر ہر مہادیو کے نعروں سے گونج اٹھا، جبکہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
حکام نے بتایا کہ پہلگام روٹ پر یاترا ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہونے کے باعث اس راستے سے یاتریوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل ہے، لہٰذا پیر کے روز کوئی بھی قافلہ پہلگام روٹ سے روانہ نہیں ہوا۔حکام کے مطابق اب تک جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 1,27,326 یاتری مختلف قافلوں کی صورت میں روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ 2 جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے دوران اب تک 4.15 لاکھ سے زائد عقیدت مند مقدس برفانی شیو لنگ کے درشن کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ 57 روزہ شری امرناتھ جی یاترا 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر