
امپھال، 26 جولائی (ہ س): منی پور میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہتھیار، دھماکہ خیز مواد، منشیات اور منشیات کی اسمگلنگ سے جڑی نقدی برآمد کی۔ اس دوران کالعدم شدت پسند تنظیموں کے کئی سرگرم کیڈروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ اُکھرول ضلع کے لیتان پولیس اسٹیشن کے علاقے شنگکائی اور مونگکوٹ چیپو گاؤں اور آس پاس کے علاقوں میں تلاشی مہم کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک مقامی ساختہ پومپی گن، ایک 12 بور رائفل، مختلف کیلیبر کے نو زندہ کارتوس، ایک دیسی مارٹر شیل اور ایک امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) برآمد کی۔
ایک دوسری کارروائی میں این ایچ-37 پر واقع پٹسوئی لامکھائی کے ہائی وے آٹو کیئر ورکشاپ پر چھاپہ مار کر وہاں کھڑی ایک پجیرو (ایم این-07 ڈی-3481) سے 346 گرام براؤن شوگر کے 30 صابن دانی نما پیکٹ برآمد کیے گئے۔ اس معاملے میں ورکشاپ کے شریک مالک، اڈیشہ کے رہائشی شیخ صلاح الدین (46) اور پٹسوئی پارٹ-4 کے رہائشی چونگتھم انیل کمار سنگھ (38) کو گرفتار کیا گیا۔
اسی روز منی پور پولیس نے تھوبل بازار سے کالعدم شدت پسند تنظیم یو این ایل ایف (پی) کے دو سرگرم کیڈروں، متوم سیتاراج سنگھ عرف سملانگ (31) اور تھوناؤجام راکیش میتئی عرف اموبا عرف پنگئینگاکپا (35) کو گرفتار کیا۔ دونوں تنظیم کے لیے نئے کیڈروں کی بھرتی میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے ایک ماروتی سوزوکی سوئفٹ کار بھی ضبط کی گئی۔
ادھر امپھال مشرقی ضلع کے پورومپٹ پولیس اسٹیشن کے علاقے کونگپال کھونگکھام لیکائی سے کے سی پی (سٹی میتئی) کے سرگرم کیڈر یائیکھوم ابھیناش میتی عرف ناؤبا عرف ابی (26) کو گرفتار کیا گیا۔
منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائی کے تحت چوراچاند پور پولیس اسٹیشن میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کے ایک مقدمے کی تفتیش کے دوران پولیس نے گاؤچنکھپ وینگ، نیو لامکا کی رہائشی مسز جیننگیہنیانگ (56) کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے کے شبہے میں 28,78,400 روپے نقد، پانچ کیش رجسٹر اور ایک کیش گننے والی مشین برآمد کی گئی۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ میانمار میں منشیات کے کاروبار سے وابستہ مشتبہ افراد کو بڑی رقم بھیجنے میں ملوث تھیں۔
ایک اور کارروائی میں امپھال مغربی ضلع کے لامسانگ پولیس اسٹیشن کے علاقے اخام-لامدینگ روڈ سے سکیورٹی فورسز نے دو ترمیم شدہ .303 رائفلیں، چار بولٹ ایکشن سنگل بیرل بندوقیں، چار 9 ایم ایم پستول، ایک چینی ساخت کا ہینڈ گرینیڈ اور 15 کارتوس برآمد کیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد