
نئی دہلی، 26 جولائی (ہ س): صدر جمہوریہ دروپدی مرمو یورپ کے تین ملکی دورے کو مکمل کرنے کے بعد اتوار کو دہلی واپس آگئیں۔ یہ معلومات صدر جمہوریہ کے آفیشل ایکس ہینڈل پر شیئر کی گئیں۔ ان کے دورے کا مقصد ہندوستان کے ساتھ ان ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا تھا۔ صدر جمہوریہ نے 20 جولائی کو مالڈووا سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔ کسی ہندوستانی سربراہ مملکت کا مالڈووا کا یہ پہلا دورہ تھا۔
اس کے بعد صدر مرمو نے 21 اور 22 جولائی کو شمالی مقدونیہ کا دورہ کیا۔ صدر جمہوریہ نے شمالی مقدونیہ کی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کیا اور ہندوستان-شمالی مقدونیہ بزنس فورم کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔
دورے کے آخری مرحلے میں صدر مرمو 23 جولائی کو رومانیہ پہنچیں۔ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے میں کسی ہندوستانی سربراہ مملکت کا رومانیہ کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اس دوران ہندوستان اور رومانیہ نے اگلے تین سالوں میں دو طرفہ تجارت کو دوگنا کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے دفاع سمیت کئی اہم شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وطن روانہ ہونے سے پہلے صدر جمہوریہ نے سنیچر کو رومانیہ میں ہندوستانی برادری اور فرینڈز آف انڈیا تنظیم کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔ اس دورے کے دوران صدر جمہوریہ کے ساتھ صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے مرکزی وزیر مملکت نیموبین جینتی بھائی بامبھنیا، اراکین پارلیمنٹ دنیش شرما اور وجے بگھیل بھی تھے۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد