
بنگلورو، 26 جولائی(ہ س)۔ کرناٹک میں خشک سالی کی صورتحال اور ریاست کے مختلف زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مرکزی حکومت کی توجہ مبذول کرانے کے لیے پیر کے روز نئی دہلی میں ریاست کے تمام ارکانِ پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع کرناٹک کے وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے دی۔بنگلورو کے نہرو تارامنڈل کے قریب واقع قومی فوجی یادگار پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خشک سالی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مشکل وقت میں مرکزی حکومت ریاست کو ضروری امداد اور تعاون فراہم کرے گی۔ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ اجلاس میں کرناٹک کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزرائ بھی شریک ہوں گے۔ اس موقع پر خشک سالی سے متعلق امدادی اقدامات، زیر التوا ترقیاتی منصوبوں اور ریاست سے وابستہ دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، تاکہ مرکزی حکومت کے سامنے کرناٹک کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ کرناٹک اسمبلی کا مانسون اجلاس 13 اگست سے شروع ہوگا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan