
نئی دہلی، 26 جولائی (ہ س)۔ کوچ سردار سنگھ اور رانی رامپال نے نوجوان کھلاڑیوں کے جذبے، نظم و ضبط اور بے خوف کھیل کی تعریف کرتے ہوئے،پہلی یوتھ ہاکی 5 ایس ایشین چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کے لیے ہندوستانی سب جونیئر مردوں اور خواتین کی ٹیموں کی تعریف کی ہے۔ مردوں کی ٹیم نے سونے کا تمغہ اور خواتین کی ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیت کر پہلی ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی 5ایس ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
سردار سنگھ کی کوچنگ والی انڈین سب جونیئر مینز ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تمام سات میچ جیت کر خطاب اپنے نام کیا۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف (3-7)کی بڑی جیت کے ساتھ آغاز کیا اور میزبان عمان کے خلاف (0-14)سے زبردست کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے پاکستان کو دو بار (4-7 اور 3-7) سے ہرا کر اپنے روایتی حریف کو ایک سنسنی خیز فائنل میں 1-3 سے شکست دے کر پہلی چیمپئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔
مردوں کی ٹیم کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کوچ سردار سنگھ نے ایک بیان میں کہا، مجھے پورے ٹورنامنٹ میں ہر کھلاڑی کے جذبے اور عزم پر بے حد فخر ہے۔ پاکستان کے خلاف تین فتوحات سمیت ہمارے تمام میچ جیتنا لڑکوں کی گزشتہ چند ماہ کی محنت کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ گولڈ میڈل اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی ان نوجوانوں کی محنت اور کارکردگی کا بہترین نتیجہ ہے۔ ©©َ
انہوں نے مزید کہا کہ میں ہاکی انڈیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے مسلسل سرمایہ کاری کی اور ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو ترقی کا ہر موقع فراہم کرتے ہوئے ان کی ترقی کی حمایت کی۔
کوچ رانی کی رہنمائی میں ہندوستانی سب جونیئر خواتین ٹیم نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور رنرز اپ رہیں۔ ٹیم نے قازقستان (3-8 اور 0-10) اور ازبکستان (0-16 اور 0-10) کے خلاف شاندار فتوحات ریکارڈ کیں۔ پول مرحلے میں چین کے خلاف 2-2 سے ڈرا ہونے کے بعد وہ 6-3 سے ہار گئے۔ ہندوستان نے سیمی فائنل میں زبردست واپسی کرتے ہوئے قازقستان کو 1-8 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی، جہاں اسے چین کے ہاتھوں4-2 سے شکست ہوئی اور چاندی کے تمغے پر اکتفا کیا۔
خواتین کی چاندی کا تمغہ جیتنے کی مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے، کوچ رانی نے کہا، لڑکیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں زبردست عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ پہلی بار منعقد ہونے والی اس چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنا اور یوتھ ہاکی 5 ایس ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا اس نوجوان ٹیم کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور وہ مزید مضبوط ہو کر واپس آئیں گے۔ وہ اس مہم سے سیکھیں گے۔اپنے اعتماد میں اضافہ کریں گے اور مستقبل کے ٹورنامنٹس میں ایسے لمحات کو سنبھالنے کے لیے بہتر طریقے سے تیار ہوں گے۔
انہوں نے کہا، میں نوجوان کھلاڑیوں کی نشوونما اور ٹیم کی بہترین تیاری کو یقینی بنانے میں ہاکی انڈیا کی ان کی غیر متزلزل حمایت کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ میں بھوپال میں مدھیہ پردیش اسٹیٹ شوٹنگ اکیڈمی میں ہمارے قومی کوچنگ کیمپ کی میزبانی کرنے پر مدھیہ پردیش حکومت کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی