جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے تیرتھ یاتری وادی کے لئے روانہ
جموں, 26 جولائی (ہ س): سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں 4,474 تیرتھ یاتریوں پر مشتمل 19واں جتھہ اتوار کی علی الصبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جموں کے بیس کیمپ سے کشمیر کے لیے روانہ ہوا۔ حکام کے مطابق تیرتھ یاتری 166 گاڑیوں کے قافلے میں صبح 2 ب
Yatra.


جموں, 26 جولائی (ہ س): سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں 4,474 تیرتھ یاتریوں پر مشتمل 19واں جتھہ اتوار کی علی الصبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جموں کے بیس کیمپ سے کشمیر کے لیے روانہ ہوا۔

حکام کے مطابق تیرتھ یاتری 166 گاڑیوں کے قافلے میں صبح 2 بج کر 40 منٹ پر گاندربل ضلع کے بالتل بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوئے۔ حالیہ بارشوں کے باعث پہلگام محور کو پہنچنے والے نقصان کے بعد وہاں مرمتی اور بحالی کا کام جاری ہے، جس کے سبب جموں سے پہلگام بیس کیمپ کے لیے یاتریوں کی روانگی روک دی گئی ہے۔

کشمیر کے ڈویژنل کمشنر انشول گرگ نے کہا ہے کہ فی الحال یاترا بالتل محور سے جاری رہے گی اور یاتریوں کی محفوظ اور آسان آمد و رفت کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یاتریوں اور تمام متعلقہ فریقوں سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے اور وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

حکام کے مطابق 3 جولائی سے شروع ہونے والی 57 روزہ سالانہ یاترا کے دوران اب تک چار لاکھ سے زائد یاتری 3,880 میٹر کی بلندی پر واقع مقدس گپھا میں درشن کرچکے ہیں۔ یاترا 28 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔

دریں اثنا، ہفتہ کی شام رام بن ضلع کے رامسو علاقے میں گنگرو کے مقام پر جموں۔سری نگر قومی شاہراہ پر ایک بڑا مٹی کا تودہ گرنے سے ٹریفک متاثر ہوئی۔ مسلسل بارشوں کے باعث متعدد مقامات پر تودے گرنے سے شاہراہ پہلے ہی تین روز تک بند رہی تھی۔

تاہم بحالی کے اداروں نے فوری طور پر مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگا کر چند گھنٹوں میں ملبہ ہٹا دیا اور شاہراہ کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande