
جموں, 23 جولائی (ہ س): ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں حالیہ فلیش فلڈ کے دوران لاپتہ ہونے والی ایک خاتون کی لاش برآمد کر لی گئی، جس کے بعد جموں خطے میں شدید بارش، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 26 ہوگئی ہے۔سرکاری حکام کے مطابق مرہ گاؤں کی رہائشی 25 سالہ خالدہ کوثر، زوجہ یاسر اقبال، 18 جولائی کی شب آنے والے اچانک سیلاب میں بہہ گئی تھیں۔ جمعرات کو سرچ آپریشن کے دوران ان کی لاش فضل آباد فٹ برج کے قریب سے برآمد کی گئی۔
لاش کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال سرنکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں قانونی کارروائی اور شناخت کے بعد اسے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔حکام کے مطابق اس تازہ واقعے کے بعد ضلع پونچھ میں بارش سے متعلق حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے، جبکہ پورے جموں خطے میں یہ تعداد 26 تک پہنچ گئی ہے۔ ادھر جموں و کشمیر میں بارش اور سیلاب سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 29 بتائی گئی ہے، جن میں کشمیر وادی کے بانڈی پورہ میں دو اور بڈگام میں ایک شخص شامل ہے۔واضح رہے کہ 18 جولائی کی رات مرہ گاؤں میں آنے والے تباہ کن فلیش فلڈ میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد سمیت کئی لوگوں کی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر