کلیئر شریف میں 758 ویں سالانہ عرس کی تیاریاں تیز، تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
ہری دوار، 22 جولائی (ہ س): پیران کلیئر شریف میں منعقد ہونے والے 758ویں سالانہ عرس 2026 کے کامیاب اور منظم انعقاد کے سلسلے میں بدھ کے روز ضلع مجسٹریٹ دفتر کے کانفرنس ہال میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ ہوئی۔ ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ جتیندر کم
کلیئر شریف میں 758 ویں سالانہ عرس کی تیاریاں تیز، تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت


ہری دوار، 22 جولائی (ہ س): پیران کلیئر شریف میں منعقد ہونے والے 758ویں سالانہ عرس 2026 کے کامیاب اور منظم انعقاد کے سلسلے میں بدھ کے روز ضلع مجسٹریٹ دفتر کے کانفرنس ہال میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ ہوئی۔

ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ جتیندر کمار کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس سال 758واں سالانہ عرس 13 اگست سے 4 ستمبر تک منعقد ہوگا۔ چاند نظر آنے کے بعد مہندی ڈوری کی رسم کے ساتھ عرس کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جبکہ مرکزی تقریبات 24 اگست سے 29 اگست تک جاری رہیں گی۔

ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ نے ہدایت دی کہ عرس کے آغاز سے قبل میلہ علاقے سے تمام غیر قانونی تجاوزات ہٹا دی جائیں اور زائرین کی آمد و رفت کے لیے بہتر اور ہموار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ مقررہ مدت میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میٹنگ میں عارضی دفاتر اور پولیس چوکیوں کے قیام، جرمن ہینگرز، بیریکیڈنگ، عارضی دکانوں، بجلی کی فراہمی، موبائل بیت الخلا، پارکنگ، صفائی، پینے کے پانی، طبی سہولیات، فائر بریگیڈ اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سکیورٹی کے حوالے سے پولیس محکمہ نے عارضی چوکیوں، ہجوم پر قابو پانے، واٹر پولیس اور موٹر بوٹس کی تعیناتی کا منصوبہ پیش کیا۔ ریلوے اور ٹرانسپورٹ محکمہ نے اضافی ٹرینوں، شٹل بسوں اور پارکنگ کے انتظامات سے آگاہ کیا، جبکہ نگر پنچایت پیران کلیئر نے صفائی، جل سنستھان نے پینے کے پانی کی فراہمی، محکمہ صحت نے ڈاکٹروں، ایمبولینس اور پرائمری ہیلتھ سینٹروں کی دستیابی، اور فائر بریگیڈ نے ضروری وسائل کی فراہمی سے متعلق معلومات پیش کیں۔

جوائنٹ مجسٹریٹ روڑکی، دیپک رام چندر سیٹھ نے مختلف محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے تمام انتظامات مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے پر زور دیا۔ پیران کلیئر کے رکن اسمبلی فرقان احمد نے بھی تمام محکموں سے اپیل کی کہ وہ باہمی تعاون کے ساتھ کام کرتے ہوئے عرس میلے کی تمام تیاریاں بروقت مکمل کریں۔

میٹنگ میں سٹی مجسٹریٹ ہرگیری، ضلع سیاحتی افسر سشیل نوٹیال، آر ٹی او انفورسمنٹ کرشن چندر پلاریا، تحصیلدار وکاس اوستھی سمیت پولیس اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande