
میکسیکو کے تجربہ کار گول کیپر گلیرمو اوچوا نے ریٹائرمنٹ لیا، 22 سال کے کیریئر کا اختتام ہوا
میکسیکو سٹی، 22 جولائی (ہ س)۔ میکسیکو کے عظیم گول کیپرز میں شمار گلیرمو اوچوا نے منگل کے روز پیشہ ورانہ فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 41 سالہ اوچوا نے اپنے 22 سال طویل شاندار کیریئر کو الوداع کہا۔ انہوں نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 ان کے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔ تاہم اس کے بعد ان کے کسی نئے کلب سے منسلک ہونے کی قیاس آرائیاں لگائی جا رہی تھیں، لیکن اب انہوں نے ان تمام باتوں پر پردہ ڈال دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جذبات سے بھرا پیغام شیئر کرتے ہوئے اوچوا نے کہا، ’’میں نے اپنا سب کچھ جھونک دیا۔ اپنے کلبوں اور قومی ٹیم کے لیے میدان پر اپنا بہترین دیا اور آج میں اپنے گول کیپنگ گلوز اتار رہا ہوں۔ گول کیپر ہونا یہ جاننا ہے کہ شاید 90 منٹ تک آپ کو صرف ایک ہی موقع ملے، جب سب کچھ آپ پر منحصر ہو۔ اور جب وہ لمحہ آئے تو آپ ہچکچا نہیں سکتے۔‘‘
اوچوا میکسیکو کی جانب سے چھ فیفا ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں رہے۔ یہ کامیابی صرف کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی جیسے عظیم کھلاڑیوں کے نام بھی درج ہے۔ انہوں نے 2014 (برازیل)، 2018 (روس) اور 2022 (قطر) ورلڈ کپ میں میکسیکو کے پہلی پسند گول کیپر کے طور پر ذمہ داری نبھائی۔
اوچوا نے فروری 2004 میں کلب امریکہ کے لیے اپنا پیشہ ورانہ آغاز کیا۔ سات سیزن تک کلب امریکہ کے لیے کھیلنے کے بعد وہ 2011 میں فرانس کے اجاکسیو کلب سے جڑے اور یورپ میں کھیلنے والے میکسیکو میں پیدا ہونے والے پہلے گول کیپر بنے۔ اس کے بعد انہوں نے مالاگا، گریناڈا، اسٹینڈرڈ لیج، سالرنیٹانا، اے وی ایس فٹ بال اور اے ای ایل لیماسول جیسے کلبوں کی نمائندگی بھی کی۔ سال 2019 سے 2022 کے درمیان انہوں نے کلب امریکہ میں واپسی بھی کی۔
اپنے الوداعی پیغام میں اوچوا نے کہا، ’’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک خواب مجھے اتنی دور تک لے جائے گا۔ آج میں فخر کے ساتھ پیچھے مڑ کر دیکھ سکتا ہوں اور صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں-شکریہ۔ میں اپنے ساتھ کروڑوں لوگوں کا پیار اور یہ اطمینان لے کر جا رہا ہوں کہ میں نے میکسیکو کے لیے اپنا سب کچھ دیا۔‘‘
ورلڈ کپ 2026 میں وہ بنیادی طور پر راول رینگل کے بیک اپ گول کیپر رہے، لیکن اہم کوچ ہیویئر اگویرے نے چیک جمہوریہ کے خلاف آخری گروپ میچ میں انہیں آخری 13 منٹ کھیلنے کا موقع دیا۔ مقابلے کے بعد جذباتی اوچوا نے ایسٹاڈیو ایزٹیکا کے گول پوسٹ کو چوما، جہاں سے ان کے کیریئر کی شروعات ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے ساتھیوں سے گلے مل کر الوداع کہا اور شائقین کے جانے کے بعد آخری بار میدان کے بیچوں بیچ جا کر اپنے یادگار سفر کو الوداع کہا۔
کلب کی سطح پر اوچوا نے 2005 کلاوسورا میں کلب امریکہ کے ساتھ لیگ کا خطاب اور اسٹینڈرڈ لیج کے ساتھ بیلجیئن کپ جیتا۔ وہیں بین الاقوامی سطح پر انہوں نے میکسیکو کو چھ کونکاکاف گولڈ کپ کا خطاب دلانے میں تعاون دیا اور ٹوکیو 2020 اولمپکس میں کانسے کا تمغہ بھی جیتا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن