
نئی دہلی، 22 جولائی (ہ س): وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دہلی میں جاری احتجاجی مظاہروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ کچھ لوگ ملک کے طلبہ اور نوجوانوں کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس جاری ہونے کے باوجود مسائل کا حل سڑکوں پر تلاش کرنا مناسب نہیں۔
راج ناتھ سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت طلبہ اور نوجوانوں کی امنگوں کی تکمیل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ ان کے مطابق طلبہ کی ہر تشویش کو سننا اور اس کا مناسب حل نکالنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے باشعور اور سمجھدار نوجوان ایسے گمراہ کن اقدامات کو بخوبی سمجھتے ہیں اور ترقی، خوشحالی اور قوم کی تعمیر کے راستے کا ہی انتخاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بعض رہنما مصنوعی غصے کا ماحول پیدا کرکے عوام، بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے جذبات اور ان کے خدشات کے حوالے سے مکمل طور پر حساس ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس جاری ہے اور حکومت نے ہر مسئلے پر بامعنی بحث کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی ہے، لیکن اپوزیشن سڑکوں پر مسائل کا حل تلاش کرنے کی غیر مناسب کوشش کر رہی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جمہوری نظام میں مسائل پر بحث و مباحثے کا اصل فورم پارلیمنٹ ہے، جہاں اپوزیشن کو اپنی بات رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ اگر وہ واقعی سنجیدہ ہے تو پارلیمنٹ کی کارروائی میں رکاوٹ نہ ڈالے اور تمام اہم مسائل کو ایوان کے اندر اٹھا کر ملک کی توجہ ان کی جانب مبذول کرائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد