
نئی دہلی، 22 جولائی ( ہ س ) : ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لوک سبھا رکن کلیان بنرجی کو بدھ کے روز پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کی باقی مدت کے لیے ایوان سے معطل کر دیا گیا۔ ان پر غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے اور خاتون ارکانِ پارلیمنٹ کے خلاف نامناسب تبصرے کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
کلیان بنرجی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد منظور ہونے کے بعد لوک سبھا کی کارروائی اگلے دن تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
لوک سبھا میں دو مرتبہ کارروائی ملتوی ہونے کے بعد دوپہر 2 بجے دوبارہ اجلاس شروع ہوا۔ اس دوران ایوان کی صدارت کر رہے افسر کرشنا پرساد تینتی نے خاتون ارکان کی جانب سے اسپیکر اوم برلا کو دی گئی تحریری شکایت کے بارے میں ایوان کو آگاہ کیا۔
اس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو شور شرابے کے درمیان صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔
صدر نشین نے کہا کہ کلیان بنرجی نے غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا ہے۔ ان کے خلاف اسپیکر اوم برلا کو تحریری شکایت موصول ہوئی ہے، جو ایوان کے وقار کے خلاف اور قابلِ اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا خیال ہے کہ اس معاملے میں کارروائی کی جانی چاہیے۔
ارجن رام میگھوال نے کہا کہ کلیان بنرجی نے نہ صرف خاتون ارکان کے خلاف نامناسب تبصرے کیے بلکہ ان کے ساتھ بدسلوکی بھی کی۔ اس لیے انہیں مانسون اجلاس کی باقی مدت کے لیے ایوان کی کارروائی سے معطل کیا جانا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد