
نئی دہلی،22جولائی(ہ س)۔ کانگریس نے پرچہ لیک، امتحانات میں تاخیر، بھرتی کے عمل میں بے یقینی، تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور بے روزگاری جیسے مسائل پر جاری اپنے ’’چھاتروں کی گونج‘‘مہم کو ملک گیر سطح پر وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعرات 23 جولائی کو ملک بھر کے کالجوں، یونیورسٹیوں، کوچنگ اداروں، طلبہ ہاسٹلز اور دیگر تعلیمی مراکز میں خصوصی’’چھاتر سمواد‘‘ پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
کانگریس کے مطابق ان پروگراموں کے دوران پارٹی رہنما طلبہ سے براہِ راست گفتگو کریں گے، ان کے مسائل سنیں گے اور راہل گاندھی کی ’چھاتروںکی گونج‘ مہم کے مقاصد سے انہیں آگاہ کریں گے۔ اس موقع پر پرچہ لیک، بھرتی کے امتحانات میں بے ضابطگیوں، امتحانی نظام کی خامیوں اور بے روزگاری جیسے اہم موضوعات پر بھی تبادلہ¿ خیال کیا جائے گا۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری(تنظیم) کے سی وینوگوپال نے ایک بیان میں کہا کہ ملک بھر کے طلبہ اس وقت تعلیم اور روزگار سے متعلق سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلسل ان مسائل کو اٹھا رہی ہے اور اب اس مہم کو براہِ راست طلبہ تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وینوگوپال کے مطابق راہل گاندھی نے 17 جون کو راجستھان کے کوٹہ سے’چھاتروں کی گونج‘مہم کا آغاز کیا تھا، جسے 17 جولائی کو اتراکھنڈ کے دہرادون میں آگے بڑھایا گیا۔ ان کے بقول اس مہم کا مقصد تعلیمی نظام کو مبینہ بدعنوانی، استحصال اور بدانتظامی سے پاک کرنا اور طلبہ کی آواز کو قومی مباحثے کا حصہ بنانا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ 21 جولائی کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے دہلی میں طلبہ مظاہرین پر پولیس کارروائی کے خلاف وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر پُرامن احتجاج کیا تھا، جہاں پولیس نے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا۔
پارٹی نے اپنے رہنماؤں اور عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ شہروں کے رابطہ کاروں سے فوری رابطہ کریں اور مقررہ مقامات پر پہنچ کر طلبہ سے براہِ راست مکالمہ کریں۔ ہدایات کے مطابق پروگرام کے دوران پریس کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی، راہل گاندھی کے کوٹہ خطاب کی ویڈیو دکھائی جائے گی اور پرچہ لیک، امتحانی نظام، بھرتی کے عمل اور بے روزگاری سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
کانگریس نے اپنے رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ طلبہ کو’’چھاتروں کی گونج‘‘ مہم کے مقاصد، سرگرمیوں اور اہم مطالبات سے آگاہ کریں، انہیں مہم کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرانے اور فعال طور پر اس کا حصہ بننے کی ترغیب دیں۔ بیان میں زور دیا گیا کہ یہ مکالمہ یک طرفہ نہ ہو بلکہ ایسا ہو جس میں طلبہ اپنے تجربات، مسائل، تجاویز اور امیدوں کا کھل کر اظہار کر سکیں۔کانگریس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں اور طلبہ کے مستقبل سے وابستہ مسائل پر حکومت کی جواب دہی یقینی بنانے، تعلیمی نظام پر اعتماد بحال کرنے اور روزگار سے متعلق خدشات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے ملک گیر عوامی دباؤ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan