
آسام میں سیلاب سے 16 اضلاع کی 5,64,660 افراد متاثر، مہلوکین کی تعداد 34 ہوئی
گواہاٹی، 22 جولائی (ہ س)۔ آسام اور پڑوسی ریاستوں اروناچل پردیش، ناگالینڈ وغیرہ میں مسلسل ہو رہی بارش کے باعث آسام میں سیلاب کی صورتِ حال انتہائی سنگین ہو گئی ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کے 21 جولائی کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں ایک دن میں کل 21 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح ریاست میں اب تک مہلوکین کی کل تعداد 34 ہو گئی ہے۔ آسام میں خطرے کے نشان سے اوپر بہنے والی ندیوں میں برہمپتر ندی (نیماتی گھاٹ)، بوڑھی دہنگ (چینی ماری، کھوانگ)، دھن سیری (گولا گھاٹ، نومالی گڑھ) شامل ہیں۔
سب سے زیادہ سیلاب کی سطح سے اوپر بہنے والی ندیوں میں دکھو (شیو ساگر)، دسانگ (نانگلامورا گھاٹ) شامل ہیں۔ سیلاب سے فی الحال کل 16 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ جن میں گولا گھاٹ، کامروپ، ہوجائی، ڈبرو گڑھ، بشوناتھ، دھیماجی، شونٹ پور، اودال گوڑی، نگاوں، چرائی دیو، کامروپ (میٹرو)، جوڑہاٹ، تنسکیا، کاربی آنگ لونگ، لکھم پور اور شِو ساگر شامل ہیں۔ سیلاب سے 16 اضلاع کے 44 ریونیو سرکلوں کے کل 872 گاوں متاثر ہیں۔ ریاست کے کل 5,64,660 افراد اور 24,210.35 ہیکٹیئر زرعی زمین پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔
ریاستی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے کل 71 امدادی کیمپ اور 202 امداد تقسیم کاری مراکز سمیت کل 273 کیمپ قائم کیے ہیں۔ امدادی کیمپوں میں 12,284 افراد نے پناہ لے رکھی ہے، جبکہ امداد تقسیم کاری مراکز پر 10,0318 غیر کیمپ مکین امداد حاصل کر رہے ہیں۔ سیلاب سے 21 جولائی کو مرنے والوں کی تعداد 21 درج کی گئی، جس میں گولا گھاٹ میں 2 (مرد)، جورہاٹ میں 1 (خاتون)، چرائی دیو میں 5 (3 مرد، 1 بچہ اور 1 بچی)، شیو ساگر میں 13 (7 مرد، 4 خواتین، 1 بچہ، 1 بچی) شامل ہیں۔ وہیں سیلاب سے متاثرہ مویشیوں کی کل تعداد 1,85,029 درج کی گئی ہے، جس میں بڑے 61,747، چھوٹے 92,578 اور مرغی خانے کے 30,704 شامل ہیں۔ اس دوران سیلاب کے پانی میں کل 107 مویشی بہہ گئے، جن میں بڑے 83، چھوٹے 4 اور 20 مرغیاں بتائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سیلاب کے پانی کی وجہ سے منگل کے روز جورہاٹ ضلع میں جزوی طور پر 15 پکے مکانات کو نقصان پہنچا۔
سیلاب میں امدادی و بچاو آپریشن میں ایس ڈی آر ایف، ڈی ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، سرکل آفس/ مقامی انتظامیہ، سول ڈیفنس/ تربیت یافتہ رضاکار اور فائر بریگیڈ کے اہلکار مصروف ہیں۔ اس دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریاستی حکومت نے کل 89 میڈیکل ٹیموں کو تعینا ت کیا۔ اس کے ساتھ ہی 50 کشتیاں بھی امدادی کاموں میں لگی رہیں۔ سیلاب کے پانی میں پھنسے 6,101 لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے باہر نکالا گیا۔ وہیں 20 مویشیوں کو بھی کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ سیلاب سے شدید متاثرہ شیو ساگر ضلع میں امدادی کاموں کے لیے دو ہیلی کاپٹروں کو بھی تعینات کیا گیا۔
سیلاب متاثرین کے درمیان ریاستی حکومت کی جانب سے چاول (کوئنٹل میں): 5,011.072، دال (کوئنٹل میں): 956.526، نمک (کوئنٹل میں): 265.1777، سرسوں کا تیل (لیٹر میں): 20,115.4205 اور ساتھ ہی مویشیوں کا چارہ - گندم کا چوکر (کوئنٹل میں): 464.31 اور مویشیوں کا چارہ - چاول کا چوکر (کوئنٹل میں): 72.42 امدادی سامان تقسیم کئے گئے۔ سیلاب سے بڑے پیمانے پر سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ ریاستی حکومت ہر صورتِ حال پر باریکی سے نظر رکھے ہوئے ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن