
نئی دہلی ، 20 جولائی (ہ س)۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اضافی وقت میں اسپین سے 1-0 سے ہارنے کے بعد رنر اپ رہے ارجنٹینا کی ٹیم کو ملی حمایت کے لئے ہندوستان میں ارجنٹینا کے سفیر ماریانو کسینو نے ارجنٹینا کو دیے گئے تعاون کے لیے ہندوستانی فٹ بال شائقین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کسینو نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی ، جس میں بھارت میں ارجنٹینا کے لیے بڑھتی ہوئی حمایت اور تعاون کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے لکھا ، اس ورلڈ کپ کے دوران ارجنٹینا کی ٹیم کی مسلسل حمایت کے لیے ہندوستان کے لوگوں کا بہت شکریہ۔ ایک بار پھر شکریہ، ہندوستان!
لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا کے 2022 کے ورلڈ کپ میں عالمی چیمپئن بننے کے بعد سے ہندوستان میں ٹیم اور میسی کے مداحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ نتیجتاً، ہندوستان کے شائقین نے بھی پورے ٹورنامنٹ میں ارجنٹینا کو خوش کیا۔
دفاعی چیمپئن کے طور پر ٹورنامنٹ میں داخل ہونے والی ارجنٹینا مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی لیکن نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں خطاب کے دفاع کا ان کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ اسپین نے اضافی وقت میں 0-1 سے جیت کر 2010 کے بعد اپنا دوسرا فیفا ورلڈ کپ خطاب اپنے نام کیا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول فیران ٹوریس نے 106ویں منٹ میں کیا۔
اسپین نے پورے میچ میں غلبہ قائم رکھا، انتھک حملے کیے اور متعدد مواقع پیدا کیے ، جبکہ ارجنٹینا ان کے مضبوط دفاع کو عبور کرنے میں ناکام رہا۔
اگرچہ ارجنٹینا خطاب کا دفاع کرنے میں ناکام رہا ، لیکن مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کی ان کی کامیابی کو بھارت سمیت دنیا بھر کے شائقین نے سراہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی