
نئی دہلی، 18 جولائی (ہ س)۔
ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے ہفتہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ رام نگر۔دہرا دون ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ یہ اتراکھنڈ کے کماوں علاقے کے رام نگر کو گڑھوال علاقے کی راجدھانی دہرادون سے جوڑنے والی پہلی براہ راست ایکسپریس ٹرین ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بھی موجود تھے۔
وزارت ریلوے نے کہا کہ یہ ٹرین ہفتے میں دو بار بدھ اور جمعہ کو چلے گی۔ ٹرین نمبر 15310 رام نگر سے صبح 5:50 بجے روانہ ہوگی اور دہرادون دوپہر 12:40 بجے پہنچے گی۔ واپسی کے سفر پر ٹرین نمبر 15309 دہرادون سے 15:55 بجے روانہ ہوگی اور 23:30 بجے رام نگر پہنچے گی۔ ٹرین راستے میں کاشی پور، روشن پور، پپلسانہ، مراد آباد، نجیب آباد اور ہریدوار اسٹیشنوں پر رکے گی۔
اس ٹرین میں اے سی سیکنڈ کلاس، اے سی تھرڈ کلاس، اے سی چیئر کار، سلیپر کلاس، سیکنڈ سیٹنگ اور جنرل سیکنڈ کلاس کوچز ہوں گے۔ نئی سروس سے نینیتال، ادھم سنگھ نگر، ہریدوار اور دہرادون اضلاع کے ساتھ ساتھ اتر پردیش کے مراد آباد اور بجنور اضلاع کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا
ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے کہا کہ یہ ٹرین دونوں خطوں کے درمیان تیز، آسان اور قابل بھروسہ ریل رابطہ فراہم کرے گی۔ ہریدوار پر دباو کم کرنے کے لیے رشیکیش ریلوے اسٹیشن کو فیڈر اسٹیشن کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ اس کے لیے ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ دہرادون، ہریدوار، کاشی پور، کوٹ دوار، روڑکی، اور کاٹھ گودام سمیت، اتراکھنڈ میں 11 ریلوے اسٹیشنوں کی دوبارہ ترقی جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ رام نگر۔دہرا دون ایکسپریس کا آغاز اتراکھنڈ میں ریل رابطے کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اور بڑا قدم ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر ریلوے اشونی وشنو کا شکریہ ادا کیا۔ دھامی نے کہا کہ رشیکیش۔کرن پریاگ ریل لائن پر کام تیزی سے جاری ہے اور یہ اتراکھنڈ کی سماجی، اقتصادی، مذہبی اور سیاحت کی ترقی کے لیے لائف لائن بن جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan